سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ 34سالہ سیاسی رفاقت میں نوازشریف نے بے وفائی کی ۔
راولپنڈی کے علاقے چکری میں خطاب کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ ہمیشہ سراٹھاکر سیاست کی ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف سمیت کسی بھی ہاتھ باندھ کر کاسہ لیسی نہیں کی ،میں برادری کی نہیں پاکستان کی سیاست کرتا ہوں،ہمیشہ اپنے علاقے کا علم بلند رکھا ۔
چوہدری نثار نے کہا کہ اس علاقے میں 1985 میں آیا جب یہاں اسپتال تھا نہ کوئی سڑک تھی لیکن 34 سال کی سیاسی زندگی میں علاقے کے لوگوں کوترقی دی، ایک وقت تھا انسانوں کیلئے کچی سڑکیں نہیں تھی آج گدھوں کیلئے بھی پکی سڑکیں ہیں۔
ان کا مزید کہناتھاکہ میں نے 34 سال سیاست کی اور بڑے بڑے عہدوں پر فائر ہوا لیکن اپنی ذات کے بجائے عوام کی ترقی کو ترجیح دی اور ساتھ ہی اپنی قیادت سے مدد لینے کے بجائے اس کی مدد کی اور ساتھ لیکن نوازشریف نے مجھ سے بے وفائی کی اور 34 سال کا ساتھ بھول گئے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر میں نے ٹکٹ لینا ہوتا تو نواز شریف کو ایک درخواست دے دیتا لیکن میں ایک دفعہ تھوک کر دوبارہ نہیں چاٹتا، عمران خان میرے دوست ہیں ، ان سے ٹکٹ لے سکتا تھا لیکن میں نے اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کو ترجیح دی۔
چوہدری نثار نے کہا کہ میں دنیا کو دکھانا چاہتا ہوں کہ اللہ کے کرم سے میں تنہا نہیں بلکہ اللہ کے بعد صرف اپنی قوم و علاقے کا محتاج ہوں، میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا، جس سے میرے علاقے کے لوگوں کاسر جھکا ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 25 جولائی کو پورا پاکستان دیکھے گا کہ یہاں صندوقچیوں سے کیا نکلتا ہے، اس دن میرے حلقے کے لوگ کفن باندھ کر نہیں صاف کپڑے پہن کر نماز پڑھ کر نکلیں اور اگر ان کا دل مانتا ہے کہ میرا مخالف مجھ سے زیادہ اہل اور ایماندار ہے تو ووٹ اس کو دیں لیکن یہ بھی یاد رکھیں کہ ووٹ ایک امانت ہے۔