ملیحہ حیدر
بے داغ چہرہ ہر عورت کا خواب ہوتا ہے،اگر کسی وجہ سے چہرے پر داغ دھبےنمایاں ہو جائیں تو نہ صرف دیکھنے والے پر برا تاثر چھوڑتے ہیں بلکہ آپ کی شخصیت
میں احساس کمتری پیدا کرتے ہیں۔خاص کرچہرے پر نمودار ہونے والی جھائیاں اچھے بھلے حسن کا بیڑہ غرق کر دیتی ہیں۔جھائیوں کا شکار ایسی خواتین ہوتی ہیں جو دھوپ میں زیادہ گھومتی پھرتی ہیں ۔ جلد کی یہ حساس بیماری زیادہ تر بیس سے پچاس سال کی عمر کی خواتین میں پائی جاتی ہے ۔
چند گھریلو ٹوٹکے
٭… دہی ایک چائے کا چمچ، لیموں کا رس ایک چائے کا چمچ ، شہد ایک چائے کا چمچ اورعرق گلاب ایک چائے کا چمچ لے کر کسی برتن میں ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس میں ملتانی مٹی ایک چائے کا چمچ شامل کریں اور چمچ کی مدد سے اچھی طرح تمام اشیاء کو یکجان کر لیں۔ اب اس پیسٹ کو چہرے پر پھیلا لیں ،خاص کر ان حصوں پر جہاں جھائیاں نمایاں ہوں۔ اس پیسٹ کو بیس منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر سادہ پانی سے چہرہ دھو لیں۔ ہفتے میں دو دفعہ استعمال کرنے سے ہی جھائیوں کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔
٭… خشخاش اور بادام ہم وزن لے کر تھوڑے سے پانی میں پندرہ بیس منٹ تک بھیگا رہنے دیں۔ پھر انہیں اتنا پیس لیں کہ لئی کی طرح ہو جائے اس مرہم کا لیپ رات کو چہرے پر لگائیں اور صبح دھو ڈالیں۔
٭… کیلے کو کچل کر دس سے پندرہ منٹ کے لیے لگا کر چھوڑ دیں اس کے بعد چہرے کو گرم پانی سے دھو لیں ، اس عمل کو ہفتے میں تین سے چار مرتبہ دہرانے سے کیل مہاسوں اور جھائیوں سے نجات مل جاتی ہے۔
٭… عرق گلاب اس کا بہترین علاج ہے۔ دو چمچ بیسن، ایک چٹکی ہلدی اور عرق گلاب کو ملا کر نرم پیسٹ بنا لیں۔ اسے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے کے بعد چہرے کو پانی سے دھو لیں۔ کوئی بھی چیز آپ کے چہرے کو اس سے زیادہ تر و تازہ نہیں بنا سکتی۔علاوہ ازیں دہی، میں کھیرااور سندل کی لکڑی پیس کر ملالیں اس میں عرق گلاب شامل کرکے ایک گاڑھا سا پیسٹ بنا لیں۔ اسے چہرے پر بطور ماسک لگانے سے دھبوں اور جھائیوںکے علاوہ کیل مہاسے اور چوٹ کے نشانات بھی ختم ہو جاتے ہیں۔
٭… دو کھانے کے چمچے سوکھا دودھ، چار کھانے کے چمچے شہد اور دو کھانے کے چمچے لیموں کا رس ملا کر پیسٹ بنا لیں۔اس ماسک کو اپنے چہرے پر بیس منٹ کے لیے لگائیں ،چہرہ دھونے کے بعد دہی کو چہرے پر لگائیں اور دس منٹ تک لگا رہنے دیں اس سے آپ کی رنگت نکھرنے کے ساتھ چہرہ صاف ہوجائے گا۔
٭… مالٹےکا چھلکا پیس لیں۔ اب اس میں دہی، لیموں کا رس ، تھوڑی سی ہلدی اور صندل پاؤڈر مکس کرکے چہرے پر لگائیں۔
٭… چہرے سے سیاہ داغ دھبے دور کرنے کے لئے صندل پاؤڈر میں گلیسرین اور عرق گلاب ملا کر پیسٹ بنالیں ۔ اس پیسٹ کے استعمال سے چہرے سے داغ دھبےاور جھائیاں دور ہو جاتی ہیں۔
٭… چہرے کے جھائیاں اور جھریاں ختم کرنے کے لیے گوبھی کا استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ گوبھی میں ایسے وٹامنز موجود ہیں جو چہرے کی جلد کے لئے ٹانک کا کام دیتے ہیں۔ گوبھی کو تھوڑے سے پانی میں ابالیں پھر اس پانی کو ٹھنڈا کر کے ایک شیشی میں محفوظ کر لیں اس ٹانک کو چہرے کی جلد کے لیے استعمال کریں ۔
٭… ایک چائے کا چمچ زیتون کا تیل اور اسی مقدار میں چینی آپس میں ملا کے اچھی طرح مکس کر لیں اور پیسٹ کو چہرے اور گردن کے نمایاں حصوں پر پندرہ سے بیس منٹ لگائیں اور پھر نیم گرم پانی سے چہرے کو صاف کر لیں ۔ہفتے میں ایک بار اس پیسٹ کے استعمال سے داغ ،دھبے اور جھائیاں بالکل ختم اور چہرہ شفاف ہوجائےگا۔
٭… کھیرے کےقتلے لے کر عرق گلاب میں بھگو دیں آدھے گھنٹے کے بعد ان کا مساج کریں۔ دانے، جھائیاں صاف ہوجائیں گی۔
٭… بینگن کو ٹکڑوں میں کاٹ کر اس کا گودہ ہٹا دیں اب اس مرہم کو جھائیوں پر لگائیں اور پندرہ منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔ اس عمل کو ہفتے میں تین بار دہرانے سے آپ جھائیوں سے نجات حاصل کر سکتی ہیں۔
٭… مسور کی دال کا پاؤڈر بنالیں اورلیموں کا رس ڈال کر پیسٹ بنا کر لگائیں، جھائیاں صاف ہو جائیں گی۔
٭… آم اور جامن کی گٹھلی کا مغز نکال کر پانی میں پیس کر اس کا لیپ چہرے پر کریں۔
٭… تلسی کے پتے اور لیموں کارس برابر مقدار میں لگانے سے جھائیاں،مہاسے اور سیاہ دھبے ٹھیک ہوجاتے ہیں۔
٭… رات کو سونے سے پہلے کیلے کے چھلکے کا اندر والا سفید گودا چھری کی مدد سے کھرچ کر جھائیوں پر اچھی طرح لگائیں اورسو جائیں اور صبح اٹھ کرچہرہ دھوئیں ۔