پشاور(خبرنگار)صوابی رانا ڈھیری زیدہ کے 14 دیہاتوں کے رہا ئشوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ مخالف کی جانب سے دھوکہ دہی کے ذریعے625 کنال اراضی زبردستی اپنے چچاکے نام منتقل کرنے کانوٹس لے کرانصاف فراہم کیاجائے۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے سیدعرب خان،شاہد ہ فقیر،ثناء اللہ ،آفتاب علی،عبدلاسعید،نفیس احمد،امین اللہ اور دیگرکاکہناتھاکہ 14سال قبل ہم نے مذکورہ اراضی عبدالوحید خان سے خریدی جنہوں نے بعدازاں اسے ہمارے نام منتقل بھی کردی تھی تاہم عبدالوحید کے مرنے کے بعد ان کے بیٹے ارسلان جو علاقے میں اثرورسوخ رکھتے ہیں نے پٹواری عبدالخالق کو لاکھوںروپے رشوت دیکر اراضی غیر قانونی طور پر اپنے چچا مائیکل جارج جو انگلینڈ میں مقیم ہے کے نام پرمنتقل کر دی جس پرہم نے کئی مرتبہ سابق وزیر اعلیٰ پرویز خٹک‘سپیکر اسد قیصر‘ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر صوابی کو درخواستیں بھی دیں اور پو لیس سٹیشن میں ایف آئی آر بھی درج کرائی لیکن ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اورمخالف اب انہیں دھمکیاں بھی دے رہے ہیں جبکہ متعلقہ پولیس بے جا تنگ کر کے بیک وقت چار چار پولیس موبائل گاڑی ہماری کھیتوں میں نگرانی کیلئے کھڑی رہتی ہیں ۔