اسلام آباد(نمائندہ جنگ) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی فیملی کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف اور مریم نواز کو کل بدھ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ خصوصی عدالت نے ملزمان کے وکیل کی جانب سے سات روزہ حاضری سے استثنیٰ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دور روز کااستثنیٰ منظو رکرلیا، عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں آج منگل کو واجد ضیاءکو طلب کرلیا ہے ، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاءکے بیان پر جرح جاری رکھیں گے۔ پیر کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی تو نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے 7دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی ،جو عدالت نے مسترد کر دی،نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ کلثوم نواز کی نوٹری پبلک سے تصدیق شدہ 27 جون 2018 کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی جو کارڈیو سرجن ڈیوڈ لارنس نے تیار کی۔ رپورٹ کے مطابق کلثوم نواز کے دل کی دھڑکن میں بہتری آئی لیکن بدستور وینٹی لیٹر پر ہیں ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کلثوم نواز کو سانس کی نالی ٹریکوسامی لگانے سے پہلے ان کے پھیپھڑوں کی کارکردگی بہتر کی جائے گی۔جبکہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے وکیل امجد پرویز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں حتمی دلائل جاری رکھے۔