اسلام آباد (اے پی پی) سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات ،قومی تاریخ وادبی ورثہ نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نوازکو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پردی گئی براہ راست کوریج پر آنے والے اخراجات اس وقت کے متعلقہ وزیر یااس سیاسی جماعت سے وصول کرنے کی سفارش کر دی ہے چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ سرکاری عہدہ پر فائز نہ ہونے والوں کی کوریج پر کروڑوں خرچ کر دیے، سرکاری ٹی وی کو کسی سیاسی جماعت کا آلہ کار نہیں بننے دینگے، قائمہ کمیٹی نے واضح کیاکہ پی ٹی وی کو اب کسی سیاسی جماعت یا حکومت کا آلہ کار بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پیر کو قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا،سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات سردار احمد نواز سکھیرا نے قائمہ کمیٹی کو سفارشات پر عملدرآمد بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر ٹاک شوز کو غیر جانبدار بنایا جارہا ہے، اب پروگرامز توازن کے ساتھ چلتے ہیں، جس پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اگرپی ٹی وی حکومتی آلہ کار بننے کی بجائے عوام کے مسائل اور ملک کی صحیح صورتحال کی ترجمانی کرتا تو نہ صرف عوام کا اعتماد بحال رہتا بلکہ اس کی آمدن میں اربوں روپے اضافہ ہوتا۔