ڈبلن(جنگ نیوز)ڈاکٹرطاہر القادری کی65ویں سالگرہ پر تحریک منہاج القرآن آئر لینڈکے زیر اہتمام ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کا آغاز حافظ محمد جنید بغدادی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔نعت رسولؐ مقبول کی سعادت منہاج القرآن آئر لینڈ کے جنرل سیکرٹری رضوان احمد طور نے حاصل کی اورنقابت کے فرائض وسیم بٹ نے ادا کئے۔ تقریب سے پی ٹی آئی آئر لینڈ کے صدر چوہدری عمران خورشید ، منہاج القرآن آئر لینڈ کے پیر غلام دستگیر اوردیگر نے خطاب کیا۔ عمران خورشید نے کہا کہ منہاج القرآن آئر لینڈ نے ڈاکٹر طاہر القادری کے یوم پیدائش پر تمام پارٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ایک خوبصورت مثال قائم کی ہے جس پر میں ان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ سیمینار کے مہان خصوصی تحریک منہاج القرآن برطانیہ کے مرکزی رہنما پاکستان عوامی تحریک برطانیہ کے کورآرڈینیٹر اورN.E.Cبرطانیہ کے سابق صدر الشیخ علامہ حافظ ابو آدم احمد الشیرازی نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر میں صداقت، عدالت ، شجاعت، وسعت نظر اور تاثیر کلام ہونا چاہئےاوریہ ساری خصوصیت ڈاکٹر طاہر القادری کی شخصیت میں نظر آتی ہیں۔ دور حاضر میں عالم اسلام کی کئی شخصیات خدمت دین کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں لیکن اگرہمارے قائد کی خدمات کا جائزہ لیاجائے وہ صف اول پر نظر آتے ہیںجوحقیقی معنوں میں تجدید دین کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ تقریب کے آخر میں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا اورڈاکٹر طاہر القادری کی صحت یابی اور درازی عمر کے لئے دعا کی گئی۔اس تقریب میں جن خاص شخصیات نے شرکت کی ان میں سید سجاد شاہ، وارث علی، محمد نواز، محمد ریاض ، محمد رمضان، آئرش کونسلر روتھ لونین،پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سعید حامد، مدثر علی، پی ٹی آئی کے میڈیا کوارڈینیٹر چوہدری عارف اور دیگر احباب شامل تھے۔ پیر غلام دستگیر ، رضوان احمد طور، محمد آصف ، فیاض احمد، حافظ محمدجنید بغدادی، محمد اشفاق ، سید ذیشان شاہ، محمد سرفراز، مرزا رضوان عثمان، حسنین شاہ، ملک افتخار ، محمد ذوہیب بٹ قادری، پی ٹی آئی کے چوہدری عارف اور معیدحامدنے سیمینار کے انعقاد میں خصوصی خدمات سرانجام دیں۔