نواب شاہ (محمد انور شیخ/بیورو رپورٹ) نواب شاہ کے قریبی علاقے دولت پور میں گیس کی گھنٹوں طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف سینکڑوں خواتین سڑکوں پر نکل آئیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی الیکشن مہم ریلی کے سلسلے میں لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پر قبضہ کرلیا۔ بلاول پہلے گیس دو پھر ووٹ لو کے نعرے۔ دولت پور شہر کی سینکڑوں خواتین و بچے ہاتھوں میں توے اٹھائے قومی شاہراہ پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر خواتین نے شدید نعرے بازی کی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے دولت پور میں گھنٹوں گھنٹوں گیس کی لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی ہے، ہمارے بچے روزانہ بغیر ناشتہ کئے اسکول جاتے ہیں جبکہ اسکول ،دوکانوں اور آفسوں سے واپسی پر بھی گیس نہیں ہوتی جس کے باعث دولت پور کے ہزاروں مرد و خواتین اور بچے شدید اذیت کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پار ٹی کے منتخب نمائندے بھی اس اہم مسئلہ کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہوئے اس لئے ہم مجبور ہوکر بلاول بھٹو زرداری کے الیکشن کارواں کے سامنے احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کی آمد سے قبل مقامی انتظامیہ نے احتجاج ختم کرادیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری اپنے شیڈول کے مطابق اس استقبالی کیمپ میں رکنے کے بجائے مورو کے لئے روانہ ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بلاول کے اس اقدام پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ صبح سے شدید گرمی میں بلاول کا خطاب سننے کے لئے کھڑے تھے تاہم ان کے خطاب نہ کرنے سے مایوسی ہوئی ہے۔