ٹیکسلا(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ جیپ کیلئے کسی امیدوار نے مشورہ کیا نہ رابطہ ہے، فلیٹ ریفرنس کے فیصلے تک نوازشریف کیخلاف کچھ نہیں بولوں گا، سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے بعد وہ اپنے اور ان کے اختلافات قوم کے سامنے رکھیں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں چوہدری نثار نے کہا کہ کل فیصلہ ہوجائے، پھر سب کچھ بتاؤں گا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ اداروں سے تصادم نہ کرنے کے بیان پر میاں صاحب کو دکھ ہوا؟ کیا میں نے غلط کہا؟ انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں بہت خوفناک باتیں ہو تی رہی ہیں، میں ردعمل دینا چاہتا تھا، لیکن مجھے اجلاسوں میں بلانا بند کر دیا گیا، اس لیے میرا موقف سامنے نہیں آ سکا۔ سابق وزیر داخلہ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ن لیگ کو کون چلا رہا ہے، پارٹی صدر کون ہے، کارکن تذبذب کا شکار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک پارٹی کا صدر کہتا ہے کہ اداروں سے ٹکراؤ پارٹی کا موقف نہیں، اگر یہ پارٹی کا موقف نہیں تو یہ گمنام ترجمان کون ہے؟۔