راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن نے جون کے مہینے میں پراپرٹی ٹیکس ، ایکسائز ڈیوٹی اور موٹر برانچ وغیرہ کی فیسوں کی مد میں مجموعی طور پرساڑھے 23کروڑ روپے کی ریکوری کرلی ۔ ایکسائزراولپنڈی کی دستاویزات کے مطابق ضلع راولپنڈی نے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 5کروڑ 31لاکھ ، ایکسائز ڈیوٹی میں ساڑھے گیارہ کروڑ، پروفیشنل ٹیکس 26لاکھ ، گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس کی مد میں ایک کروڑ ساڑھے اکہتر لاکھ روپے، ٹوکن ٹائی اپ ٹیکس میں 66 لاکھ ، ٹوکن ٹیکس نان ٹائی اپ میں ساڑھے 95لاکھ روپے کی ریکوری کی ۔اس طرح راولپنڈی ضلع میں مجموعی طور پر 20کروڑ ساڑھے 97لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی۔باقی تینوں اضلاع اٹک ، جہلم اور چکوال سے رواں مالی سال کے آخری ماہ میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی۔