بریڈ فورڈ(نمائندہ جنگ) گلگت بلتستان کی سیاحت کے خصوصی نمائندے ہارون رشید نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کے شمالی علاقے میں واقع خوبصورت ترین علاقوں میں سے ہے جوکہ زیادہ تر پہاڑی علاقہ ہے۔ گلگت بلتستان پاکستان میں سیاحت کا مرکز ہے،’کے ٹو‘ بھی اسی خطے میں واقع ہے۔ دنیا بھر کے کوہ پیما اس علاقے کا رخ کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ واضح رہے کہ بریڈ فورڈ گرلنگٹن سرجری کے ڈاکٹر آلیسٹر باونگٹن بھی گلگت بلتستان کے دورے پر ہیں جو اپنی ایک سو سال پرانی فیملی کے مقامات کو اس علاقے میں ڈھونڈنے نکلے ہیں۔ 52سالہ ڈاکٹر آلیسٹر کی پیدائش بھی گلگت اور بلتستان کے علاقے میں ہوئی۔ انگریزی مادری زبان ہونے کے باوجود وہ روانی سے اردو بھی بولتے ہیں جو ہارون رشید کے ساتھ مل کر گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے کی وجہ سے اس خطے میں ترقی کی راہیں کھیلی ہیں۔ دنیا بھر سے لوگ اس علاقے میں اپنے کاروبار شروع کررہے ہیں۔ آگرہ گروپ جو برطانیہ کا ایک بڑا گروپ ہے وہ بھی اس علاقے میں انویسٹ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اگست میں آگرہ گروپ چیئرمین بھی اس علاقے کا دورہ کریں گے۔ ۔ ہارون رشید برطانیہ سے ایک وفد کے ہمراہ گلگت بلتستان روانہ ہوگئے۔ ہارون رشید گلگت بلتستان کے دورے سے واپسی پر برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں فوٹوگرافی میوزیم میں ایک شوکیس بھی کریں گے، جس میں پاکستان کے معروف کوہ پیما نذیر صابر بھی شرکت کریں گے، یہ شوکیس برطانیہ بھر کے دیگر شہروں میں دو ہفتے جاری رہیں گے۔