حیدرآباد ( بیورو رپورٹ)25جولائی انتخاب کا دن نہیںبلکہ حکمرانوں کےلئے یوم احتساب کا دن ہے ۔ان خیالات کا اظہا ر حق پرست امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ 227صلاح الدین نے اپنے حلقہ انتخاب کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم کے حوالے سے کارنر میٹنگز اور معززین علاقہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر حق پرست امیدوار برائے صوبائی اسمبلی راشد خلجی ‘ناصر حسین قریشی اور ایم کیوایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے ذمہ داران بھی انکے ہمراہ تھے ۔انہوں نے مزید کہاکہ حیدرآباد شہر کو تعصب کی بنیاد پر بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے والے حکمران آج ہمارے علاقوں میں ووٹ کے خاطر آرہے ہیںحیدرآباد کی عوام انہیں آئینہ دیکھے ۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کی عوام نے ہمیشہ حق پرست نمائندوں کو کامیاب بنایا اور 25جولائی کے انتخابات میں وہ اپنی روایت کو برقرار رکھے گے ۔اس موقع پر حق پرست امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ66راشد خلجی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد حق پرستوں کا شہر ہے اور اس شہر پر کوئی مفاد پرست قابض نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہاکہ 25جولائی کاسورج حق پرستوں کی فتح کا پیغام لیکر طلوع ہوگا۔اس موقع پر حق پرست امیدوار برائے صوبائی اسمبلی 67ناصر حسین قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چند مفاد پرستوں کو خرید کر ایم کیوایم کے خاتمے کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں کیونکہ ایم کیوایم کل بھی متحد تھی آج بھی متحدہے ۔