ملتان (نمائندہ جنگ) سابق وزیر اعظم پیپلز پارٹی سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نیب قومی ادارہ ہے نیب کو چاہئے کہ سوچ سمجھ کر لوگوں پر ہاتھ ڈالے اور صاف ستھرے سیاستدانوں کی پگڑیاں نہ اچھالے۔ پیپلز پارٹی نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی ۔ مسلم لیگ ن جب بھی اقتدار میں آتی ہے انتقامی سیاست کو فروغ دیتی ہے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں فعال کردار ادا کرکے حکومتی ناقص پالیسیوں کی نشاندہی کر رہی ہے ۔ پیپلز پارٹی ملتان شہر کے جنرل سیکرٹری ایم سلیم راجہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں آصف علی زرداری اور مجھ پر قائم مقدمات بے بنیاد ثابت ہوئے ہیں جن کا وزیر قانون پنجاب نے بھی اعتراف کیا ہے، اس موقع پر ایم سلیم راجہ نے این اے 153 کے ضمنی الیکشن اور پارٹی کی سرگرمیوں بارے آگاہ کیا، ملاقات میں ایم پی اے ڈاکٹر جاوید صدیقی ، مرزا ندیم بیگ، وحید الحسن بھٹہ اور دیگر رہنما موجود تھے۔