ٹوکیو (عرفان صدیقی) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز شریف کو احتساب عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے پر جاپان میں پی ٹی آئی جاپان کی جانب سے مٹھائیاں تقسیم کییں جبکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے احتجاج کیا گیا،اس حوالے سے پی ٹی آئی جاپان کے سابق صدر جاوید نیازی کے رہائش گاہ پر بڑی تعداد میں کارکنان جمع تھے اور فیصلے کے اعلان کے ساتھ ہی وزیر اعظم عمران خان کے نعرے بلند کیے گئے جبکہ مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں جبکہ بعض کارکنوں نے بھنگڑے بھی ڈالے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو سزا سنائے جانے کو غیر منصفانہ اور سیاسی فیصلہ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور جلد ہی پارٹی صدر ملک نور اعوان کے مشورے سے لائحہ عمل تیار کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں مظاہرے بھی شامل ہیں، ملک یونس نے کہا کہ غیر منصفانہ سزا نے نواز شریف کی مقبولیت میں مزید اضافہ کردیا ہے اور اگلا الیکشن ن لیگ کا الیکشن ہوگا جبکہ پی ٹی آئی جاپان کے صدر سعید بھٹی نے عنقریب یوم تشکر منانے کا اعلان بھی کیا ہے۔