امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی قیادت ناکام ہوچکیں، ایم ایم اے ملک کو گرین اور کلین بنائے گی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں عوامی جلسوں سے خطاب میںسراج الحق نے کہا کہ کراچی میں بار بار ایم کیو ایم ،پی پی پی کو موقع ملا لیکن انہوں نے حق ادا نہیں کیا۔
انہوں نے پٹیل پاڑہ، عبداللہ کالج، دائود چورنگی، بلدیہ ٹاؤن میں عوامی اجتماعات سے خطاب کیا اور کہا کہ ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ 25جولائی کو چوروں کا احتساب ہوگا، ملک لوٹنے والوں کو جیل جانا ہوگا، لوگ چاند پر پہنچ گئے ہیں اور کراچی کے لوگ آج بھی بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مخالفین کے ساتھ ساتھ لینڈ مافیا، ڈرگ مافیا اور بین الاقوامی مافیا کو شکست دینے کی بات کی ۔
اس موقع پر متحدہ مجلس عمل کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمٰن و دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے، آج سراج الحق نے لیاری اور دہلی کالونی کا دورہ بھی کرنا ہے۔