نارووال (نمائندہ جنگ) احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے دھرنے دینے اور قومی ترقی روکنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔ سی پیک سے آئندہ نسلوں کو بہتر روزگار ملے گا، کراچی کی روشنیاں بحال، لوڈشیڈنگ ختم کرنیوالا مجرم ٹھہرا،سابق وفاقی وزیر داخلہ نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈکٹیٹر مشرف نے پاکستان کو دہشتگردی کا ہدف بنوایا اور ملک کے آئین کے خلاف کام کئے، زداری دور میں کریشن کے ریکارڈ قائم ہوئے مگر وہ سب مزے لے رہے ہیں جبکہ جس نے ملک کو اٹیمی طاقت بنایا، دہشتگردی سے نکالا، کراچی کی روشنیاں بحال کیں، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا، وہ مجرم ٹھہرا۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں ملک میں 22 گھنٹے تک بجلی نہیں آتی تھی اور ہماری حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دے گی، پچھلے 70 سالوں میں صرف 6 ہزار میگا واٹ بجلی بنائی گئی لیکن ن لیگ کی حکومت نے 5 سالوں میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی کو سسٹم میں شامل کیا جس سے اب نہ صرف ملک کی انڈسٹری بحال ہو رہی ہے اور مزدوروں کو روزگار مل رہا ہے بلکہ وہ ملک جس کو 2013ء میں دہشتگرد قرار دیا جا رہا تھا، اب وہاں باہر کے لوگ اربوں روپوں کی سرمایہ کاری لا رہے ہیں، سی پیک ایک ایسا منصوبہ ہے جس سے پاکستان کی آنے والی نسلوں کے لئے بھی بہتر روزگار مہیا ہو گا۔ عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سوائے دھرنے دینے اور ملک کی ترقی کو روکنے کے اور کوئی کام نہیں کیا، کے پی میں ہم حکومت بنا سکتے تھے لیکن ہم نے انہیں موقع دیا مگر انہوں نے پچھلے 5 سالوں میں ترقی کی بجائے شہر کو صرف 1 منصوبہ دیا، وہ بھی جس کو پہلے مانتے نہیں تھے پھر پنجا ب میں میٹرو بس کی کامیابی دیکھ کر شروع کیا لیکن 4 سال گزر گئے ہیں مگر منصوبے کو 1 انچ آگے نہیں بڑھایا گیا البتہ پشاور شہر کھنڈر میں ضرور تبدیل ہو گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ نے تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے مشن کو جاری رکھا اور الحمد اللہ ہم نے جو وعدے عوام سے کئے تھے، وہ پورے کر دئیے ہیں، عمران خان نے کبھی ملکی لیول کی وازات تو دور کی بات کونسلر کی سیٹ پر بھی کام نہیں کیا اور دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ملک کی تقدیر بدل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جماعت کی خیبرپختونخوا حکومت کی نسبت ہمارے منصوبے ایسے ہیں جن کو صحیح معنوں میں ’تبدیلی‘ کہتے ہیں، عوام پچھلے ترقیاقی منصوبوں کے تسلسل کو جاری رکھنے کے لئے 25 جوالائی کو شیر کو ووٹ دیکر ثابت کریں کہ ملک کو چلانے کے لئے تجربے کی ضرورت ہوتی ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے پاس تجربہ نہیں ہے جو تجربہ انہوں نے کے پی میں استعمال کیا، وہ عوام کے سامنے ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے حوالے سے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی کی حکومت نے کراچی کو کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل کر دیا ہے، لوگ وہاں پانی کے حصول کے لئے ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں، انشاء اللہ پاکستان مسلم لیگ ن دوبارہ عوام کے ووٹوں کی طاقت سے برسراقتدار آ کر ملک میں ترقی کا سفر جاری رکھے گی۔