• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کو کرپشن سے پاک اسلامی اور فلاحی مملکت بنائیں گے، سراج الحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ مجلس عمل پاکستا ن کے سینئر نائب صدر و امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 25جولائی کو ایم ایم اے کی کامیابی یقینی ہے، اس ملک کوکرپشن سے پاک اسلامی اور فلاحی مملکت بنائیں گے ،موجودہ قیادتیں ناکام ہوچکی ہیں، ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے اضافہ کیا ہے یہاں تک کہ عوام کوانسان کی بنیادی ضروریات پانی تک سے محرو م کر کے رکھ دیا ہے۔ اس پر حکمرانوں کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے اور عوام سے معافی مانگنا چاہئے، حکمرانوں نے صرف اپنے بنک بیلنس اور محلات میں اضافہ کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب کراچی میں متحدہ مجلس عمل کی انتخابی ورابطہ عوام مہم کے سلسلے میں مختلف قومی وصوبائی اسمبلی کے حلقوں میں دورے کے موقع پر بلدیہ ٹاؤن نمبر 7، باب خیبر میٹروول ، لیاری چاکیواڑہ ، دہلی کالونی میں عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے امیدوار این اے 250حافظ نعیم الرحمن ، جماعت اسلامی کے رہنما وامیدوار پی ایس 130نسیم صدیقی ، این اے 249کے امیدوار سید عطاء اللہ شاہ ، پی ایس 115کے امیدوار حافظ محمد نعیم ، پی ایس 116کے امیدوار مولانا عمر صادق ،متحدہ مجلس عمل ضلع غربی کے ناظم انتخاب مولانا فضل احد حنیف، متحدہ مجلس عمل کراچی کے سینئر نائب صدر سید حماد اللہ شاہ ،نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسحاق خان ، پی ایس 114کے امیدوار قاری محمد عثمان ، پی ایس 120کے امیدوار عبد الرزاق خان ، پی ایس 119کے امیدوار عطائے ربی ،این اے 246کے امیدوار مولانا نور الحق ، پی ایس 107کے امیدوار فضل الرحمن ، پی ایس 108کے امیدوار سید عبد الرشید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔باب خیبر میٹروول میں پیپلز پارٹی ،اے این پی ، پی ٹی آئی کے کارکنان نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔ سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا ،نفرت اور تقسیم کی سیاست نے کراچی کو کچھ نہیں دیا۔انہوں نے کہاکہ اسٹیل مل ، پی آئی اے ، واپڈا، پی ٹی سی ایل سمیت دیگر قومی وسرکاری اداروں کو تباہ و برباد کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔25جولائی کو کرپٹ مافیا کی مو ت اور نظریہ پاکستان کے علمبرداروں کے لیے خوشی کا د ن ہوگا ۔
تازہ ترین