• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 احمد شہزاد کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی تصدیق ہوگئی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد شہزاد کے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی باقاعدہ تصدیق کردی ۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق احمد شہزاد کے ڈوپ ٹیسٹ میں ممنوعہ مواد کا استعمال ثابت ہوا ہے، لہذا احمد شہزاد کو آج باضابطہ طور پر چارج شیٹ جاری کردی جائے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد شہزاد کے ڈوپ ٹیسٹ کا آزادانہ تجزیہ بھی کرایا تھا اور پاکستان کے قومی ڈوپنگ ادارے نے معاملہ پر بھارتی ڈوپنگ لیب سے بھی معاونت حاصل کی تھی ۔

واضح رہے کہ احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ رواں سال مئی میں فیصل آباد میں منعقدہ پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا تھا، جب وہ بلوچستان ٹیم کے کپتان تھے۔

ڈوپ ٹیسٹ کا نتیجہ 26 سالہ اوپنر کے لیے مشکلات کا سبب بنا اور احمد شہزاد سے اس حوالے سے وضاحت طلب کی گئی۔

جس کے بعد پی سی بی نے احمد شہزاد کے ڈوپ ٹیسٹ کا آزادانہ تجزیہ بھی کرایا اور پاکستان کے قومی ڈوپنگ ادارے نے معاملے پر بھارتی ڈوپنگ لیب سے معاونت حاصل کی۔

امکان ہے کہ چارج شیٹ جاری ہوتے ہی احمد شہزاد کی عبوری معطلی شروع ہوجائے گی۔

احمد شہزاد پاکستان کی جانب سے13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ وہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں۔

احمد شہزاد پاکستان کے پہلے کھلاڑی نہیں ہیں جن کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ان سے قبل شعیب اختر، محمد آصف، عبدالرحمٰن، رضا حسن اور کئی کرکٹرز کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

تازہ ترین