• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف اور مریم نے پاکستان واپسی کیلئے ٹکٹ بک کرالئے، استقبال کی تیاریاں تیز

نواز شریف اور مریم نے پاکستان واپسی کیلئے ٹکٹ بک کرالئے، استقبال کی تیاریاں تیز

لندن / لاہور (خبر ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے پاکستان واپسی کے لئے ٹکٹ بک کرالئے ہیں، وہ نجی ایئر لائن کی پرواز سے 13 جولائی شام چھ بج کر 15منٹ پر لاہور پہنچیں گے۔ان لیگ نے شاندار استقبال کےلئے تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف اور مریم نواز نے وطن واپسی کی تیاری مکمل کرلی ہے اور ٹکٹ بھی بک کرالئے ہیں۔ نوازشریف اور مریم نواز 12جولائی کو لندن سے بذریعہ نجی ایئر لائن روانہ ہوں گے اور 13جولائی بروز جمعہ شام چھ بج کر 15 منٹ پر لاہور پہنچیں گے۔ دوسری جانب دوسری جانب ماڈل ٹاون لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، حمزہ شہباز اور پرویز ملک سمیت اہم رہنما بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہم اپنے قائد نوازشریف اور مریم نواز کا تاریخی استقبال کریں گے اور ان کی آمد کے موقع پرہم یہ ثابت کردیں گے کہ ہم عدم تشدد پر یقین رکھنے والے امن پسند لوگ ہیں اور لاہور ائیرپورٹ پر لگے ایک پودے کو بھی خراب نہیں ہونے دیں گے۔ ذرائع کے مطابق استقبال سے روکے جانے اور راستوں کی بندش کی صورت میں مختلف آپشنز پر بھی غور کیا جارہا ہے ،مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ کارکن پر امن رہ کر اپنے قائد محمد نوازشریف سے اظہار یکجہتی کریں گے اور اس دوران ایک گملا بھی نہیں ٹوٹے گا۔ شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف نے دلیرانہ فیصلہ کیا ہے اب رہنمائوں ، عہدیداروں اور کارکنوں کا فرض ہے کہ نوازشریف کے استقبال کیلئے ہر صورت لاکھوں کی تعداد میں ائیر پورٹ پہنچیں۔

تازہ ترین