کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایف آئی اے نے 35ارب روپے کے منی لانڈرنگ اسیکنڈل میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انھیں آج 11جولائی کو ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل طلب کرلیا ہے جبکہ طلبی کے نوٹس گھروں پر لگا دیئے گئے ہیں ۔ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو نوٹس منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کے اسٹنٹ ڈائریکٹر محمد علی ابڑو کی جانب سے جاری کئے گئے۔ ایف آئی اے بے نامی اکائونٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں32افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے جس کے سلسلے میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو گزشتہ دنوں گرفتار کیا گیا جب کہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا جا چکا ہے جس کے بعد دونوں کے بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔ ایف آئی اے نے تحقیقات کے لیے7 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ، سپریم کورٹ نے اسی کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو 12 جولائی کو طلب کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق ، ایف آئی اے طلبی کے نوٹس آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو مو صول نہیں ہو ئے کیونکہ دونوں کو نوٹس کراچی کے پتے پر بھیجے گئے ہیں اور دونوں اس وقت کراچی میں نہیں اس لیے ایف آئی اے کی ٹیم آصف زرداری کانوٹس بلاول ہاوس اور فریال تالپور کا نوٹس ان کی رہائش گاہ ڈی 75 بلاک 5کلفٹن کی دیواروں پر چسپاں کر دیئے ہیں ۔