گھوٹکی( نامہ نگار) تحریک انصاف نے گھوٹکی میں اپنی سیاسی طاقت کامظاہرہ دکھانے کے لیے پنڈال سجالیا۔ گھوٹکی کے میزائل چوک پر ایک بڑے عوامی جلسے کا اہتمام کیا جس میں تحریک انصاف کےکارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا جلسے میں حلقہ پی ایس 21 اور گرد و نواح کی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلسے میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے پارٹی کے ترانوں پر رقص کیا اس موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ پی ایس 21 تحریک انصاف کے امیدوار میر افتخار احمد لوند نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان میں 70سالہ فرسودہ نظام ختم کرنے اور ملک کو صاف اور شفاف سسٹم دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے جس میں ہر محب وطن پاکستانی ان کا ساتھ دے رہا ہے جو نا انصافی سندھ کے لوگوں کے ساتھ ہو رہی ہے وہ شاید کسی اور کے ساتھ نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ گھوٹکی کی عوام اب ان وڈیروں اور جاگیرداروں سے تنگ آچکے ہیں کرپٹ حکمرانوں نے گھوٹکی کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا یہاں پر او جی ڈی سی ایل ہونے کے باوجود یہاں کے دیہات میں گیس کی سہولت موجود نہیں گھوٹکی کے نوجوانوں کو نوکریاں نہیں مل رہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن جیت کر گھوٹکی کی عوام کے لیے صحت ، تعلیم ، اور روزگار کے موقع فراہم کرینگے نوجوان اپنا مستقبل بدلنے کے لیے تحریک انصاف کو ووٹ دیں کیوں کہ پی ٹی آئی ہی ملک میں تبدیلی لاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان 25 جولائی کو گھرروں سے نکل کر ووٹ کاسٹ کریں اور بلے کے نشان پر مہر لگائیں جلسے سے تحریک انصاف سکھر کے رہنما شبیر بھٹو ، رئیس اللہ وسایو گھوٹو، بشیر مزاری ، محمد عظم چاچڑ ، آغا ارشد پٹھان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔