• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیم آف تھرونز کے جانی دشمن حقیقی زندگی میں ایک ہوگئے

گیم آف تھرونز کے جانی دشمن   حقیقی زندگی میں ایک ہوگئے

گیم آف تھرونز ، ایک شہر ہ آفاق ٹی وی سیریز ہے،جو زبان زد خاص و عام ہے ۔سوشل میڈیا پر اس سیریزکی کہانی، اداکاروںاور ان سے جڑی تازہ ترین خبروں او ر مزاق (ٹرولنگ) سے سبھی محظوظ ہوتے ہیں۔ تازہ ترین خبریہ ہے کہ ایچ بی او کی شہرہ آفاق ٹی وی سیریز گیم آف تھرونز میں محبت، نفرت اور جنگ کی کہانی کے درمیان دو قبیلوں نےجن دو دلوں کو ایک نہ ہونے دیاوہ حقیقی زندگی میں ایک ہوگئےہیں۔ یہ چمکتے ستارے کٹ ہیرنگٹن اور روز لیزلی تھے، جو اب شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔

برطانوی اداکار ہیرنگٹن اور روز لیزلی جب اسکاٹ لینڈ کے مقامی چرچ پہنچے تو شرکاء نے پھول نچھاور کر کے ان کااستقبال کیا۔ نو بیاہتا جوڑا اس موقع پر خاصامسرور دکھائی دیاجبکہ شرکاء نے جوڑے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دلہن کے والد نے اسکاٹ لینڈ کا روایتی لباس زیب تن کیا ہوا تھا اور وہ دلہن کو روایتی انداز میں اپنے سائے میں شادی کے پنڈال تک لے کر آئے۔اس موقع پر گیم آف تھرونز کی کاسٹ بھی شادی کی تقریب میں موجود تھی۔ چرچ سے باہر آنے پر مہمانوں نے روایتی انداز میں نئے جوڑےپر چاول بھی پھینکے۔شادی کے حوالے سے استقبالیہ تقریب کا انعقاد وارڈ ہل محل میں کیا گیا،جو دلہن کے گھر والوں کی ملکیت ہے۔ اس شادی کو لوگوں نے حقیقی معنوں میں فیری ٹیل قرار دیا۔

گیم آف تھرونز ٹیلی ویژن تاریخ کی مقبول ترین سیریز میں سے ایک ہے، جس نے گزشتہ سات سال سے دنیا بھر میں کروڑوں ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔ اس کی مقبولیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ سال کی پہلی قسط کو ایک کروڑ ساٹھ لاکھ لوگوں نے براہ راست دیکھا۔

گیم آف تھرونز کے جانی دشمن   حقیقی زندگی میں ایک ہوگئے

متعدد سربراہان مملکت بھی اس سیزیزکے مداحوں میں شامل ہیں، ملکہ برطانیہ اس کے سیٹ کا دورہ بھی کرچکی ہیں۔ گیم آف تھرونز کے مداحوں کو ہیری پورٹر سیریز اور جسٹین بیبر کے مداحوں سے بھی زیادہ وفادار اور جنونی سمجھا جاتا ہے۔ گیم آف تھرونز مافوق الفطرت کرداروں اور بے رحم حقیقت پسندی کا ایک ایسا غیر معمولی امتزاج ہے جس میں حقیقت اورتصورات کے درمیان کوئی واضح سرحد قائم نہیں رہتی۔ تمام انسانی و غیر انسانی کردار اور کہانی مکمل طور پر فرضی ہونے کے باوجود اس میں حقیقت کا تاثر اتنی شدت سے موجود ہے کہ ہم اس کے اکثر کرداروں اور کہانی کو اپنی تاریخ میں ہی نہیں بلکہ اپنے حال میں بھی زندہ دیکھ سکتے ہیں۔

گیم آف تھرونز کے مداحوں کےلیےیہ بات مایوس کن ہے کہ سیریز کا آٹھواں اورآخری سیزن رواں سال ریلیز نہیں ہورہا اور انہیںیہ سال انتظار میں گزارنا ہوگا۔ ایچ بی او کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ گیم آف تھرونز کا آٹھواں اور آخری سیزن 2019ء میں ریلیز کیا جائے گا جو صرف 6 اقساط پر مشتمل ہوگا ۔ اعلان میں کہا گیا ہے کہ سیریز کے فائنل سیزن کی ہدایتکاری ڈیوڈ بینیوف، ڈی بی ویس، ڈیوڈ نٹر اور میگوئل سپوچنک کریں گے۔

گیم آف تھرونز میں نائٹس واچ کے اہم کردار کے طور پر کام کرنے والے اداکاربین کرومپٹن (ایڈیسن ٹولیٹ) نے ایک برطانوی اخبارسے گفتگو میں کہا کہ سیریز کا اختتام’ ہیپی اینڈنگ‘ یعنی خوشی پر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائنل سیزن کی شوٹنگ جاری ہے جس کا بہت سا کام ابھی باقی ہے۔’ ’ اگرچہ فائنل کی صرف6قساط ہیں لیکن بہت کچھ شوٹ کرنا ہے، ہم بہت بڑا دھماکا کرنے جا رہے ہیں۔‘‘ تاہم آٹھویں اور آخری سیزن کے بارے میں ایچ بی او نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ڈراما سیریز کے متعدد اختتامی انجام عکس بند کیے جائیں گے تاکہ ایک اختتامی انجام لیک ہونے کی صورت میں دوسرا استعمال کیا جا سکے۔ایچ بی او کے پروگرامنگ صدر کیسی بلوئز کا کہنا ہے کہ اس ڈراما سیریز کے اداکاروں کو بھی اس بات کا علم نہیں ہو گا کہ سیریز کا اختتام کیا ہے۔کیسی بلوئز نے ایک کالج میں بات کرتے ہوئے کہا 'کہ انھیں معلوم ہے کہ گیم آف تھرونز کے متعدد اختتامی انجام عکس بند کیے جائیں گے تاکہ کسی کو بھی معلوم نہ ہو کہ آخراس کااختتام کیا ہو گا، ڈراما سیریز میں ایسا کرنا پڑتا ہےتاکہ کسی کو آخری وقت تک معلوم نہ ہوسکے کہ کیا ہونے جارہاہے۔

گیم آف تھرونز کے ساتویں سیزن کی کہانی لیک ہو گئی تھی۔ ہیکرز ساتویں سیزن کااسکرپٹ منظر عام پر لے آئے تھے۔انڈیا میں ان چار افراد کو گرفتار بھی کیا گیا جنھوں نے ممبئی میں پائریٹڈ قسطیں آن لائن جاری کردی تھیں۔ساتویں سیزن کی ایک قسط غلطی سے یورپ میں جلدی ریلیز کر دی گئی اور پھر اس قسط کو کئی بار شیئر کیا گیا۔کیسی بلوئز کا کہنا ہے کہ 'ہماری پروڈکشن ٹیم شوٹنگ کی ٹائم لائن تیار کر رہی ہے اور اس بات کا تعین کر رہی ہے کہ ا سپیشل ایفیکٹس کے لیے کتنا وقت درکار ہو گا۔اس لیے گیم آف تھرونز کے مداحوں کو آخری سیزن کے لیے 2019ء تک انتظار کرنا ہو گا۔یاد رہے کہ گیم آف تھرونز ٹی وی سیریز جارج آر آر مارٹن کے ناولوں سے ماخوذ ہے۔

تازہ ترین