لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مخالفین نے سازش کے تحت سپریم کورٹ کے بیان کو توڑ پھوڑ کر بیان کیا اور ان کی شخصیت داغدار کی گئی ، سپریم کورٹ کی جانب سے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تردید کے بعد ایسے عناصر کو شرمندگی ہوئی اور الیکشن سے قبل انھیں بدنام کرنےکی سازش ناکام ہو گئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرداری ہائوس اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پراعتزاز احسن، فاروق اے نائیک ، لطیف کھوسہ اور سنیئر پارٹی رہنما موجود تھے۔ لطیف کھوسہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان سیاسی رابطے بحال نہیں ہوئے،آصف زرداری نے کہا کہ ان کے خلاف میڈیا ٹرائل کی کوئی حقیقت نہیں اور ایسے عناصر کو شرمندگی ہونی چاہئے جنھوں نےکسی تحقیق کے بغیر غلط مفروضوں پر ان کے خلاف الزامات لگائے تھے۔ آصف زرداری نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے وضاحت کر دی ہے کہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں ، یہ الیکشن کا وقت ہے لہذا ان کا فی الحال بیرون ملک روانگی کا بھی کوئی پروگرام نہیں۔