کراچی( ٹی وی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ایاز صادق کا نواز شریف کی آمد کے حوالے سے کہنا ہے کہ جس دن سے فیصلہ آیاہم اس دن سے فیلڈ میں زیادہ ایکٹو ہوگئے ، ہم اس دن کے بعد سے اپنے ووٹرز اور سپورٹر میں بجلی کی سی تیزی دیکھ رہے ہیں جو ہمارے لئے بھی حیران کن ہے۔ گزشتہ روز جیو پروگرام ”الیکشن ڈیبیٹ 2018“ میں انہوں نے کہا کہ ہم ہر طرح سے ریلی کو پرامن رکھنا چاہتے ہیں ہم اپنے لیڈر سے یکجہتی دیکھانے ضرور جائیں گے جہاں تک عمران خان کے بیانات کی بات ہے اُن سے تو پشاور کا ڈینگی مچھر نہیں سنبھالا گیا ۔ پاکستان کی سیاست اور جمہوریت کی تاریخ رقم ہونے جارہی ہے مریم نواز باہر بھی رہ سکتی تھیں والدہ کا بہانہ تھا لیکن وہ بھی آرہی ہیں پاکستان میں ایک مضبوط سیاست کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔ قبل ازیںرابعہ انعم کا پروگرام کے ابتدا میں کہنا تھا کہ وہ دن قریب آرہا ہے جب عوام اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور یہ فیصلہ کرے گی کون اس ملک کی باگ ڈور سنبھالے گا، لاہور اور لندن میں بھی سیاسی ماحول اس وقت گرم ہے جہاں لمحہ بہ لمحہ شریف خاندان پر سیاسی دباؤ بڑھ رہا ہے، وہیں اس خاندان کو ایک خوشی ملی کلثوم نواز نے آج اپنی آنکھیں کھولیں، اس کی تصدیق ان کے بچوں نے کی، نواز شریف اور مریم نوازجمعے کی شام سوا 6بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچیں گے جبکہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں گے،شہباز شریف اور لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کل سے اُن کی پارٹی کے لوگوں کو گرفتار کیا جارہا ہے تاکہ وہ جمعہ کی ریلی کا حصہ نہ بن سکیں،نیب کی جانب سے دو ہیلی کاپٹر طلب کر لیے گئے ہیں نواز شریف اور مریم نواز کی منتقلی کے لئے جمعے کو لاہور کا سیاسی درجہ حرارت کیا ہوگا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ لاہور ایئرپورٹ سے جیو نیوز کی نمائندہ ہما مسرور کا نواز شریف کی لاہور آمد کے حوالے سے کہنا ہے کہ صحیح اندازہ تو جمعےکو ہی ہوگا لیکن گزشتہ رات سے یہاں پر سیاسی درجہ حرارت گرم ہوتا جارہا ہے ،مسلم لیگ کی قیادت اور کارکنان نے نواز شریف کے استقبال کے لئے کمر کس لی ہے ، سیکورٹی کے سخت انتظامات کر لیے گئے ہیں، ایئرپورٹ جانے والے جتنے بھی راستے ہیں ان کے اطراف میں کنٹینر کھڑے کر دئیے گئے اور تقریباً 2200سے زائد پولیس اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ نمائندہ جیو نیوززاہد شیروانی کا لاہور کی سڑکوں کی صورتحال بتاتے ہوئے کہناتھا کہ بہت سارے مقامات جن پرن لیگ کا کہنا ہے کہ کنٹینر لگا کے بند کر دئیے گئے ہیں یہ بات صحیح ہے۔لاہور کی اہم شاہراہوں پر خاص توجہ دی جارہی ہے جگہ جگہ راستے بند کئے جارہے ہیں ۔نمائندہ جیو نیوز مرتضی علی شاہ کا لنڈن سے کہنا ہے کہ کلثوم نواز نے آج آنکھیں کھولی ہیں جس کی تصدیق اُن کے بچوں نے بھی کی وینٹی لیٹر کے حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ابھی اُس کے ہٹانے کا فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ نمائندہ جیو نیوز اعزاز سید کا کہنا ہے کہ نیب نے بڑے جامعہ پروگرام ترتیب دیا ہے نیب پنڈی اور لاہور نے بھی اہم اقدامات کیے ہیں پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت نے بھی انتظامات کیے ہیں دو ہیلی کاپٹرز مختص کیے گئے ہیں ایک لاہور میں اور ایک اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہوگا۔ہوائی اڈے سے نواز شریف اور مریم نواز کو سیدھے اڈیالہ جیل لایا جائے گا اور ڈی جی نیب نے یہ بھی درخواست کی تھی کہ ناصرف اڈیالہ جیل لایا جائے بلکہ احتساب عدالت کے جج کو کہا جائے کہ وہ اڈیالہ جیل میں آکر عدالت لگائیں۔ دوسری جانب رابعہ انعم نےاپنے تجزیے میں یہ بھی کہاکہ الیکشن میں ناصرف شہروں کی خواتین حصہ لے رہی ہیں بلکہ چھوٹی جگہوں سے بھی خواتین آرہی ہیں تھر کی سونیتا پرماراس کی مثال ہیں جہاں یہ مثبت چیزیں ہمیں دیکھنے کو مل رہی ہیں وہیں بہت سی منفی باتیں ہو رہی ہیں لوگ ایسی شرمناک حرکتیں کر رہے ہیں کہ انہیں ووٹ زیادہ مل جائیں سکھر میں پیپلز پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خواجہ سراؤں کو استعمال کیا گیا ۔