• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوابشاہ ،سیوریج کے پانی کوصاف کئے بغیر نہر میں چھوڑنے پرواٹر کمیشن برہم

نواب شاہ (محمد انور شیخ ،بیورو رپورٹ) چیئرمین واٹر کمیشن جسٹس امیر ہانی مسلم نے نواب شاہ کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں جبکہ سیوریج کے پانی کوصاف کئے بغیر نہر میں چھوڑنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔نواب شاہ کے دورے کے موقع پر انہوں نے جام صاحب روڈ پر الٹرا فلٹریشن پلانٹ اور واٹر سپلائی کے تالابوں کے معائنے کے علاوہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا اس موقع پر چیئرمین واٹر کمیشن امیر ہانی مسلم کو شہریوں نے شکایات کرتے ہوئے کہا کہ نواب شاہ میں ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ایشیاء کا سب سے بڑا فلٹریشن پلانٹ تو لگ گیا تاہم شہر کی چالیس سال پرانی واٹر سپلائی اور ڈرینج کی لائنوں کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث شہریوں کو آلودہ پانی پینے کے لئے مل رہا ہے جس کے باعث یہاں ہیپاٹائٹس، ڈائریا سمیت دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں جبکہ میونسپلٹی کے سب انجینئر حضور بخش سومرو نے جسٹس امیر ہانی مسلم کے سامنے یہ انکشاف بھی کیا کہ گجرواہ نہر کے ساتھ لگایا گیا گندے پانی کو صاف کرنے کے لئے جدید ترین ٹریٹمنٹ پلانٹ سے سیوریج کے تمام پانی کو صاف کرکے استعمال کرنے کے بجائے یہ پانی گجرواہ نہر میں چھوڑا جارہا ہے جس جسٹس امیر ہانی مسلم نے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی انتظامیہ کو کراچی طلب کیا ہے اور ان کے خلاف ایکشن کا حکم دیا ہے اس موقع پر جسٹس امیر ہانی مسلم کو شہریوں نے بتایا کہ ضلع کی چار میں سے تین شوگر ملوں کا کیمیکل ملا پانی ٹریٹمنٹ کئے بغیر نہروں میں چھوڑا جارہا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں خطرناک بیماریاں جس میں پیٹ کے امراض او ر جلد کی بیماریاں شامل ہیں میں اضافہ ہورہا ہے جسٹس امیر ہانی مسلم نے اس شکایت پر ضلع کی تین شوگر ملوں النور شوگر مل، سکرنڈ شوگر مل اور مہران شوگر مل کو نوٹس جاری کرنے اور ایک ماہ میں جواب طلب کرنے کے احکامات دئے ۔اس موقع پر واٹر کمیشن کے چیئر مین جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ نواب شاہ کے شہریوں سے پورے سندھ کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے جدوجہد کی جارہی ہے اور میری کوشش ہے کہ یہاں کے لوگوں کو صاف پانی میسر ہو ۔انہوں نے اس موقع پر کمشنر اکرم علی خواجہ اور ڈپٹی کمشنر محمد زمان ناریجو کو ہدایت کی کہ وہ پیپلز میڈیکل اسپتال میں گذشتہ دو ماہ میں دواؤں اور آلات کی خریداری کی مد میں کروڑوں روپے کی خریدی کی انکوائری کرکے رپورٹ دی جائے ۔اس موقع پر سیکریٹری ایری گیشن جمال مصطفی سید ، ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج ظہور احمد ہکڑو اور دیگر اعلی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
تازہ ترین