کھپرو (نامہ نگار) قومی اسمبلی کے حلقہ 216میں پیپلز پارٹی کی امیدوار شازیہ مری نے کہا ہے کہ ضلع سانگھڑ پیپلز پارٹی کا قلعہ بن چکا ہے ۔ وہ کھپرو شہر میں انتخابی رابطہ مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کر رہی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف جی ڈی اے کے اتحاد کو سندھ کے عوام نے مسترد کر دیا ہے ۔شازیہ مری نے کہا کہ ضلع سانگھڑ کی تما م نشتوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا مخالفین پیپلز پارٹی کی مقبولیت دیکھ کر بو کھلاہٹ کا شکار ہیں ۔اس موقع پر فنکشنل مسلم لیگ کھپرو کے رہنما اور سابق سٹی ناظم محمد یعقوب قائم خانی کے بھتیجےآصف قائم خانی ،ناصر سہیل ، محسن قائم خانی اور قائم خانی برادری سے تعلق رکھنے والے شوکت سیف الدین قائم خانی ،محمد اختر شوکت قائم خانی اور کھپرو کے قائم خانی محلے کے سیکڑوں افراد نے فنکشنل مسلم لیگ چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس کے علاوہ شہر کی راجپوت برادری کے رانا خورشید راجپوت ،مختار راجپوت ، ممتاز راجپوت نے اپنی برادری اور ساتھیوں سمیت جی ڈی اے چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو نے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر پی ایس 42 کے امیدوار علی حسن ہنگورجو ، سرفراز راجڑ ، امان اللہ مری ، عمر گل ہنگورجو اور دیگر موجود تھے ۔