• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امن پوری دنیا کی ضرورت ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، طاہر القادری

بارسلونا (جواد چیمہ) منہاج القرآن سپین کے زیراہتمام پاکستانی کمیونٹی کی تنظیمات کے ساتھ ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں سابق گورنر اور موجودہ ڈپٹی گورنر کاتالونیا مونسرات اور رکن نیشنل اسمبلی محمد شعیب نے خصوصی شرکت کی جبکہ سلسلہ شاذلی سے وابستہ بائی برتھ سپانش مسلمانوں کے ایک وفد نے بھی شرکت کی۔ اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ سعد نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول ﷺکی سعادت قدیر احمد خان نے حاصل کی ، محمد اقبال چوہدری نے عشایئے میں شریک مہمانوں اور تنظیمات کا تعارف کروایا ۔عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے مہمانوں کو عشایئے میں شرکت پر اور خصوصی طور ڈپٹی گورنر مونسرات اور ممبر نیشنل اسمبلی محمد شعیب کا شُکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امن پوری دُنیا کی ضرورت ہے اور امن کا تعلق انسانیت کیساتھ مُنسلک ہے جس کیلئے انسان کو اپنے دل اور دماغ کو دُرست رکھنا ہوتا ہے اور اگر انسان اپنے دل و دماغ پر کنٹرول نہیں کرتا تو پھر شرپسندی اور دہشت گردی جنم لیتی ہے ،تنگ نظری سے نفرت پیدا ہوتی ہے جو امن کو جلا دیتی ہے ، ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ دہشت گرد اپنا نظریہ امن کو تباہ کرنے کیلئے بیچتے ہیں،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں بلکہ یہ مذہب کے دشمن ہیں ،انہوں نے کہا کہ جس رویے میں انسان کا احترام نہیں وہ مذہب نہیں ہو سکتا اور مذہب کبھی نفرت کو فروغ نہیں دیتا ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف میری پچاس سے زائد کتابیں ہیں جب کہ میں نے ایک ہزار کتابیں لکھی ہیں جن میں سے ساڑھے پانچ سو چھپ چُکی ہیں جن میں سے پچاس سے زائد کتابیں صرف دہشت گردی کے موضوع پر ہیں ، طاہر القادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سب مسلمان ہیں اور ہمارا ایمان قرآن مجید ہے اور اللہ تعالی نے سب سے پہلی سورت کی تین آیات میں اپنا تعارف کروایا اور اُس تعارف جیسا تعارف کوئی انسان پیش ہی نہیں کر سکتا ، اللہ تعالی نے اپنے تعارف میں کہا کہ میں تمام جہانوں اور بنی نوح انسانوں کا رب ہوں جس میں کوئی تفریق نہیں رکھی گئی اس لیے دل و دماغ میں تنگی ہو تو بندے اور رب کا تعلق قائم نہیں ہوتا اس لیے اپنے رویے میں وسعت پیدا کرنی ہو گی ، ہر وہ چیز جو دُنیا میں موجود ہے اُس سے نفرت اور بیزاری کے اظہار کو ختم کرنا ہو گا ، ہر وہ چیز جس میں کائنات کیلئے بہتری ہو اللہ تعالی کے حضور وہ عمل عبادت سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے سپین میں مقیم پاکستانی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں ایک سوسائٹی بننے کیلئے کام کریں انسانیت کے حقوق کیلئے کام کریں اور سپین حکومت نے جس طرح آپ کو رہن سہن کیلئے حقوق دیئے آپ بھی ان کے قانون کی پاسداری کریں ، مسلمان ممبر نیشنل اسمبلی محمد شعیب نے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری ہمارے لیے ہی نہیں پورے سپین کیلئے اہم شخصیت ہیں، ہم منہاج القرآن کی تقریبات میں بڑے عرصے سے شامل ہو رہے ہیں ان کی خدمات قابل تحسین ہے ، محمد شعیب نے کہا کہ محمد اقبال چوہدری اور حافظ عبدالرزاق صادق کا دونوں کمیونٹیز کے درمیان تعلقات کی مضبوطی میں بڑا اہم کردار ہے جب کہ محمد شعیب نے پاکستان میں بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے مظلوم خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔سابق گورنر اور موجودہ ڈپٹی گورنر کاتالونیا مونسرات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سال سے پاکستانی برادری کے ساتھ منسلک ہیں پاکستانیوں کی سپین کمیونٹی کے حوالے سے کافی خدمات ہیں ، سابق گورنر مونسرات نے صدر سپین پیدرو سانچیت کا پاکستان میں دہشت گردی کے حوالے سے پیغام بھی پڑھ کر سُنایا اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے نصاب کو سپانش ترجمے کے ساتھ شائع کرنے کی خواہش پیش کی ۔ پروگرام کے آخر میں سلسلہ شازلیہ سے تعلق رکھنے والے وفد نے قبلہ کی موجودگی میں حلقہ درود قائم کیا اور بحضور سرور کائناتﷺ عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔
تازہ ترین