• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوکاڑہ،پی پی184 میں دلچسپ مقابلہ، پیر اور پیرنی آمنے سامنے

کراچی (الیکشن سیل) اوکاڑہ کی صوبائی نشست پی پی 184 پر دو پیر گھرانوں سے تعلق رکھنے والے دو امیدواروں میں دل چسپ مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ اس حلقے میں پر سید بندگی کرمانی کی گدی اور خاندان سے تعلق رکھنے والی سیدہ جگنو محسن شاہ کرمانی آزاد حیثیت میں میدان میں ہیں۔ جبکہ دوسری جانب حجرہ شاہ مقیم کے پیر گھرانے کے سید رضا علی گیلانی بھی آزاد حیثیت میں ان کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ رضا علی گیلانی کا ایک بااثر سیاسی خاندان سے تعلق ہے اور وہ دو بار ایم پی اے اور صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ گزشتہ حکومت میں بھی وہ وزیر تھے اور اندرونی اختلافات کی بناء پر وہ شیر کے نشان پر الیکشن نہیں لڑ رہے ان کے والد افضال شاہ گیلانی بھی ماضی میں ایوان کا حصہ رہ چکے ہیں اور اس خاندان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے بھی رشتہ داری ہے۔ جبکہ دوسری جانب جگنو محسن کا صحافت اور اشاعت میں بڑا نام ہے اور وہ سابق ضلع ناظم سجاد حیدر کرمانی کی بھتیجی بھی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ معروف بزنس مین سید بابر علی بھی ان کے رشتہ داروں میں شامل ہیں۔ ایم این اے کے امیدوار رائو اجمل جو شیر کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہ رضا علی گیلانی سے اختلافات کی وجہ سے اس صوبائی حلقے میں جگنو محسن کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ دوسری جانب یہاں سے تحریک انصاف نے بھی کسی امیدوار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ اس حلقے میں ن لیگ اور تحریک انصاف کا امیدوار نہ ہونے کی وجہ سے آزاد امیدواروں میں کانٹےکے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین