• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس آئی یو ٹی کیلئے ڈاکٹر ادیب رضوی کی خدمات قابل تحسین ہیں، فضل الرحمان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایس آئی یو ٹی ہمیشہ سندھ حکومت کے ساتھ پارٹنرشپ میں رہتے ہوئے اپنی کمٹمنٹ پر پورا اترا ہے، ایس آئی یو ٹی جس مقام پر ہے ڈاکٹر ادیب کی کاوشوں کی بدولت ہے، گزشتہ ایک دہائی سے ایس آئی یو ٹی کی جانب سے رضاکارانہ طور پر مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے پر انہوں نے ڈاکٹر ادیب رضوی کی خدمات کو سراہا اور ان کے جذبے کی تعریف کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کراچی کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ نگراں صو بائی وزیر صحت ڈاکٹر سعدیہ ورک رضوی ودیگر بھی موجود تھے ۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ نے ایس آئی یو ٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے فراہم کی گئی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایس آئی یو ٹی کی مثالی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ادیب رضوی سمیت ایس آئی یو ٹی حکام نے وزیراعلیٰ سندھ کو اپنی کارکردگی کے حوالے سے آگاہی دی اور طبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ایس آئی یو ٹی ترقی پذیر ملک میں ناممکن کام کو ممکن بنا رہا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزید بتایا کہ آج ایس آئی یو ٹی جس مقام پر ہے وہ صرف ڈاکٹر ادیب صاحب کی کاوشوں کی بدولت ہے۔ سندھ حکومت ہمیشہ سے ایس آئی یو ٹی کے ساتھ پارٹنرشپ میں رہی اور در بدرجہ بڑھتی بھی رہی ہے، گزشتہ حکومت کے ساتھ بھی انکی کمٹمنٹ بہترین رہی ، سندھ میں ایس آئی یو ٹی کے دیگر شاخوں میں بھی خدمات قابل تحسین ہیں۔
تازہ ترین