بارسلونا(شفقت علی رضا )منہاج القران انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام’’ انسان کی اخلاقی اور روحانی ترقی ‘‘کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس میں یورپ کے دورہ پر آئے ہوئے علامہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی خطاب کیا۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت مولانا عبدالرشید شریفی نے حاصل کی۔ چوہدری قاری عبدالرحمن نے حضور بنی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں نعتیہ اشعار کے پھول نچھاور کئے۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد اقبال چوہدری نے انجام دیئے جب کہ کانفرنس میں بارسلونا ، بادالونا اور دوسرے ہسپانوی شہروں سے مرد و خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کانفرنس میں قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر حال میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انسان کتنی بھی بڑی مشکلات میں کیوں نہ ہو لیکن برداشت کرنا اور ایک دوسرے کی غلطیوں کو خوشی اور دل کی گہرائیوں سے سے معاف کرنا ایمان کی اعلی ترین نشانی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صبر ، حلم اور سخا ء انبیاء کے اخلاق ہیں اور ہمیں ان پر عمل کر کے اپنی آخرت کو بہتر بنانا چاہیے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا پاکستان میں جاری انتخابی عمل میں تاخیر یا نہ ہونے کے حوالے سے کوئی رکاوٹ بظاہر نظر نہیں آ رہی لیکن انتخابات ملتوی ہونے کے بارے میں حتمی کچھ نہیں کہا جا سکتا ، انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس اور کرپشن ایک بہانہ بنا ہے جبکہ میاں نواز شریف اور اُن کی پارٹی کا زوال 17جون 2014 کو ہونے والے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے لواحقین کی بددعاؤں کا اثر ہے ، میاں نواز شریف کو جو سزا ہوئی ہے اُن کے جرائم کہیں زیادہ ہیں ،ابھی دو مقدمات باقی ہیں اور ابھی اُن کے فیصلے بھی آنے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک نے انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا بلکہ ہم انتخابات میںشامل نہیں ہو رہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کے واقعات بہت تشویش ناک ہیں ، سوچنے کی ضرورت ہے کہ ان عوامل کے پیچھے کون سے ہاتھ کار فرما ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میاں برادران کی سیاسی مستقبل اب ختم ہو چکا ہے ،پیپلز پارٹی یا تحریک انصاف کی جیت کا کوئی معاملہ نہیں مسئلہ ہے کہ احتساب کا عمل پورا ہونا چاہئے ، جتنے جرائم پیشہ عناصر ہیں انہیں آئین پاکستان کے مطابق سزا ملنی چاہئے ،عوام اور قانونی ادارے ایسے لوگوں کو سیاست سے باہر نکالیں۔