خیرپورناتھن شاہ(نامہ نگار) ضلعی ہیڈ کوارٹر دادو میں واقع دربار ہال میں ڈپٹی کمشنر طارق منطور اور ایس ایس پی تنویر احمد تنیو کی زیر صدارت ضلع کے تمام اے سیز، ڈی ایس پیز اور دیگر افسران کا ایک اجلاس ہوا۔اجلاس میں الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو آگاہ کیا گیا کہ بغیر اجازت اور شیڈول کے ریلیاں نہ نکالی جائیں اور اجلاس نہ کئے جائیں۔علاوہ ازیں الیکشن مہم کے دوران اسلحہ لیکر چلنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرکے گرفتا ریاں کی جائینگی اور شوکاز نوٹس جاری کئے جائینگے جبکہ عمل نہ کرانے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی کی جائیگی۔دریں اثناء ایس ایس پی نے رابطہ کرنے کے دوران بتایا کہ فائرنگ اور پتھراؤ کے واقعے کے بعد سکیورٹی کے انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں جبکہ کشیدگی روکنے کیلئے ضلع کے اندر 700 مشتبہ افراد کی لسٹ تیار کی گئی ہے جن سے دس دس لاکھ روپے کی ضمانت لی جارہی ہےجبکہ الیکشن سے قبل ضمانت نہ دینے والوں کو ایک مہینے کیلئے جیل بھیج دیا جائیگا۔ دوسری جانب اطلاعات کے مطابق رفیق جمالی اور تیمور پنہور کے حامیوں کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے پولیس نے کارروائی کی ہے۔