• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کتاب انسان کی وہ دوست ہے جس کے ساتھ رہ کر آپ علم و آگہی حاصل کرتے ہیں۔اسی لیے کہا جاتا ہے کہ کتاب سے بڑھ کر کوئی وفا شعار رفیق نہیں، جن کی بدولت آپ سقراط سے لیکر برٹرینڈرسل تک عظیم فلسفیوں سے ملاقات کرتے، تاریخ کے جھروکے میں جھانکتے اور ناولوں کی صورت زندگیوں کے بے شمار تجربوں سے آگاہ ہوتے ہیں۔ 

ان کتابوں کے لیے عوامی کتب خانے وہ گوشہ سکون ہوتے ہیں، جہاں آپ دل جمعی سے مطالعہ کرسکتے ہیں۔کراچی میں لیاقت میموریل لائبریری اور ڈیفنس لائبریری معروف عوامی کتب خانے(پبلک لائبریریز) ہیں جہاں ہمارے طالب علم خوبصورت ماحول میں تسکینِ مطالعہ کرتے ہوئے اپنے ذہن کو نئے خیالات و تصورات سے آراستہ کرتے ہیں۔ آئیےشاندار آرکیٹیکچر پر مبنی دبنیا کی انتہائی خوبصورت پبلک لائبریریزکے بارے میں بات کرتے ہیں۔

ببلیوتھیکا الیگزینڈرینہ، اسکندریہ

دنیا کی خوبصورت لائبریریاں

اسکندریہ لائبریری کو نذرِ آتش کیے زمانہ گزر گیا لیکن راکھ میں سے علم کے بچ جانے والے موتیوں سے اسکندریہ میں نئے عوامی کتب خانے ببلیوتھیکا الیگزینڈرینہ لائبریری کی2002 ءمیں داغ بیل ڈالی گئی، جس کے لیے دنیا بھر کے علم دوست خواتین و حضرات اور ممالک نے امداد دی اور آج یہ عوامی کتب خانہ ثقافتی مرکز بن گیا ہے۔ 

یہ صرف ایک کتب خانہ نہیں بلکہ اس میں چار میوزیمز بھی ہیں، جہاں فنی نمائشیں ہوتی ہیں۔ عمارت کی خوبصورتی آپ کو مصر کے ماضی، حال اور مستقبل کی یاد دلائے گی۔اس لائبریری میں 50 لاکھ کتب کا ذخیرہ ہے اور یہاں آنے والےسیاحوں کی رہنمائی کے لیےعربی، انگریزی، فرانسیسی اور ہسپانوی میں 15 منٹ دئیے جاتے ہیں۔

قائدِ اعظم لائبریری، لاہور

دنیا کی خوبصورت لائبریریاں

برطانوی دور کے لارنس گارڈنز، حال کے باغ جناح میں قائم شاندار تعمیراتی ڈیزائن پر مشتمل قائدِ اعظم لائبریری آج کے کتاب دوستوں کے لیے شاندار تحفہ اور ہمارے لیے منفرد مثال ہے۔ 

ابھی کتاب دوست لوگ موجود ہیں جو اپنی نئی نسل کو علم کی روشنی سے سرفراز کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اپنے منفرد برطانوی و اسلامی آرکیٹیکچر کے ساتھ قائد اعظم یونیورسٹی کو ہم اعتماد کے ساتھ دنیا کی اہم لائبریریوں میںشمار کرسکتے ہیں، جہاں ایک وقت میں ایک ہزار کتب شائق مطالعے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔یہاں تین لاکھ کتابوں کا ذخیرہ ہے، سی ایس ایس امتحان کی تیاری کرنے والوں کے لیے خاص کارنر بھی ترتیب دیا گیا ہے۔

اولڈ لائبریری ٹرنٹی کالج، ڈبلن

دنیا کی خوبصورت لائبریریاں

ٹرنٹی کالج کی اس شاندار لائبریری میں جاتے ہوئے بک آف کیلز کے مخطوطے بھی نظر آئیں گے جو17ویں صدی میں ہینری جونز نےاس لائبریری کو دیے تھے۔65میٹر طویل کمر ے میں لائبریری کی قدیم ترین 2 لاکھ کتب کا ذخیرہ موجود ہےجبکہ مغربی دنیا کے عظیم لوگوں کے مجسمے بھی آویزاں ہیں۔

رائل پورتوگیس لائبریری،ریو ڈی جنیرو

دنیا کی خوبصورت لائبریریاں

برازیل کی ریاست ریوڈی جنیرو میں واقع اس حویلی نما کتب خانے کا قیام 1837ء میں عمل میں آیا، جس میں خوبصورت شیلف پر لکڑی کا کام اپنی فنی انتہا کو چھو رہا ہے۔ 

اسے 2016ء میں اولمپک کھیلوں کے موقع پر تزئین نو کے عمل سے گزارا گیا اور اس کی اصل شان بحال کی گئی۔ کتابوں کے شیلف پرتگالی اور برازیلی کتب سے سجے ہیں اور یہ لائبریری ہر ہفتے عوام کے لیے کھلی رہتی ہے۔

بوڈلیئان لائبریری ،آکسفورڈ

دنیا کی خوبصورت لائبریریاں

بوڈ کے نام سے معروف اس کتب خانے کا شمار یورپ کے قدیم ترین کتب خانوں میں ہوتا ہے، جہاں پچھلے400 برس میں برطانیہ میں شائع کردہ ہر ایک کتاب کا نسخہ موجود ہے۔ یہ 12ملین کتابوں کا مسکن ہے،یہ لائبریری کئی عمارتوں اور انڈر گراؤنڈ بلڈنگ تک پھیلی ہوئی ہے۔یہاں 15ویں صدی کا ڈیوینٹی اسکول ہے، جسے ہیری پوٹر فلم کے سیٹ کے طور پر بھی استعمال کیا گیا۔

رام پور رضا لائبریری،اترپردیش

دنیا کی خوبصورت لائبریریاں

قومی یادگار کے طور پر رجسٹرڈ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں واقع یہ عوامی کتب خانہ انڈو اسلامک اسٹڈیز کی شاہکار لائبریری ہے۔ 

1774ءمیں اس کا قیام رام پور کے حکمران نواب فیض اللہ خان کی علم دوستی کی وجہ سے ہوا، جو ان کا ذاتی کتب خانہ تھا ،اس وقت سےتاحال اس لائبریری کی تزئین و آرائش میں اضافہ ہوتا رہا ہے۔یہاں آپ کو اسلامی کتب کا شاندار ذخیرہ ملے گا، ساتھ ہی مخطوطات کا بھی وسیع ذخیرہ موجودہے۔

آسٹرین نیشنل لائبریری، ویانا

دنیا کی خوبصورت لائبریریاں

آسٹریا کی سب سے بڑی لائبریری بھی بہت حیران کن تعمیراتی ڈیزائن پر مبنی ہے،جہاں باروق فن تعمیر اور روایتی لائبریری کاڈیزائن انفرادیت کا امتزاج پیش کرتا ہے،اسے رائل لائبریری ہال کے طور پر 1723ء میں قائم کیا گیا۔کتابوں کے شیلف کے درمیان نصب ماربل کے مجسمے لائبریری کا حسن دوبالا کرتے ہیں۔کتابوں کے نقوش پر مشتمل لکڑی کے شیلف اورتصاویری چھت ،فن و تعمیرات کا بہترین اظہار ہے۔

لورن تیان لائبریری، فلورنس

دنیا کی خوبصورت لائبریریاں

اٹلی کے نشاۃ ثانیہ کے دارالحکومت فلورنس کی لائبریری سان لورینزو چرچ کا حصہ ہے، جس کی اوپری منزل پر 1571ء میں جو کتب خانہ بنایا گیا تھا اسے معروف مصور و مجسمہ ساز مائیکل اینجلو نے ڈیزائن کیا، یہاں میڈسی دور کا پرائیویٹ کلیکشن بھی موجود ہے۔ساتھ ہی مخطوطات اور ابتدائی طبع شدہ کتب کا نایاب ذخیرہ بھی موجود ہے۔کتب خانے کی عمارت کا ڈیزائن اور فرنیچر بھی آپ کو اٹلی کے نشاۃ ثانیہ کی یاد دلائے گا اور لائبریری کا تعمیری حسن آپ کو انسان کی صناعی پر حیران کردے گا۔

تازہ ترین