برطانوی ادارہ نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) امراضِ قلب میں مبتلا مریضوں کو دل کے دورے اور فالج سے بچانے کے لیے وزن کم کرنے کی دوا دے گا۔
این ایچ ایس نے اعلان کیا ہے کہ وہ وزن کم کرنے والے انجیکشن ویگووی (Wegovy) تقریباً 1.2 ملین ایسے افراد کو فراہم کرے گا جو دل کے امراض یا فالج کے خطرے سے دوچار ہیں۔
صحت کے نگران ادارے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلنس (NICE) نے اس دوا کو منظوری دی ہے۔
یہ ہفتہ وار انجیکشن ان افراد کو تجویز کئے گئے ہیں جو زائد وزن یا موٹاپے کا شکار ہیں اور جن کا باڈی ماس انڈیکس (BMI) 27 یا اس سے زیادہ ہے اور وہ پہلے سے دل کی کسی بیماری میں مبتلا ہیں۔
ڈاکٹر مریض کی موجودہ دواؤں، جیسے اسٹیٹنز کے استعمال کا جائزہ لینے کے بعد یہ دوا تجویز کریں گے۔
کچھ کلینیکل ٹرائلز کے مطابق سیماگلوٹائیڈ دل کے دورے اور فالج کے خطرے کو تقریباً 20 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ اس دوا کے فائدے جلد ظاہر ہوتے ہیں، یہاں تک کہ بڑی وزن میں کمی سے پہلے بھی، جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ دوا براہِ راست دل اور خون کی نالیوں کی صحت کو بہتر بناتی ہے۔
ویگووی ایک ہارمون کی نقل کرتا ہے جو بھوک کو کنٹرول کرتا ہے اور مریضوں کو وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے، یہ ہاضمے کو بھی بہتر بناتا ہے اور وقت کے ساتھ وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
ویگووی کے ضمنی اثرات میں متلی، پیٹ پھولنا وغیرہ شامل ہیں، اسے استعمال کرنے والے مریضوں کو صحت مند خوراک اور ورزش کی عادت اپنانے کی بھی ہدایت دی جاتی ہے۔
این ایچ ایس کا منصوبہ ہے کہ ان گرمیوں میں اس دوا سے علاج کا آغاز کیا جائے، اور عام طور پر یہ علاج 2 سال تک محدود ہو گا، جب تک کہ اس کے طویل مدتی اثرات پر مزید تحقیق جاری رہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔