چمن میں مال روڈ پر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعےدکان کے سامنے کھڑی ایک موٹرسائیکل میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
عنیی شاہد کے مطابق دھماکے میں قانون نافذ کرنےوالے ادارے کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق دھماکے سے ایک گھنٹہ قبل علاقے میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تین روز قبل علاقے میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر ہائی الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا جس کے باعث پولیس اور ایف سی کی نفری نے علاقے میں پیٹرولنگ بڑھا دی تھی۔