کوئٹہ،اسلام آباد(اے پی پی، خبرایجنسی) بلوچستان کے علاقے چمن میںریموٹ بم دھماکے کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہوگئےدوسری جانب قلات میں سیکیورٹی فورسزنے کارروائی کرتے ہو ئے سا نحہ مستونگ کے ماسٹر مائنڈ و بلوچستان داعش کے سربراہ مفتی ہدایت کوساتھی سمیت ہلاک کردیاجبکہ بڑی تعدادمیں اسلحہ و گولہ بارودبھی برآمد کرلیاہے۔ تفصیلات کےمطابق چمن پولیس کا کہناہےکہ چمن مال روڈ پربم دھماکہ کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کوچمن سول اسپتال منتقل کردیا گیا، دھماکے کے فوری بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور سیل کردیا،دھماکے سے قریبی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا اور چمن سول اسپتال میں ایمر جنسی نافذ کردی گئی اور علاقے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا،زخمیوں میں 2افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہیں ۔ دوسری جانب بلوچستان کے علاقے قلات میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران سانحہ مستونگ کا ماسٹر مائنڈ اور بلوچستان داعش کا سربراہ مفتی ہدایت اور اسکا ساتھی ہلاک ہوگیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ مفتی ہدایت اللہ کے خلاف کاروائی قلات کے پہاڑی علاقے میں کی گئی ،ہدایت اللہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے چمن میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے دریں اثناءقائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق اور سینیٹرمیرکبیراحمدمحمدشہی نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔