لاہور،بہاولنگر (نمائندہ جنگ،آئی این پی) بہاولنگر میں انوکھا انتخابی اتحاد ہوگیا، پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ضیاء )کی حمایت کا اعلان کردیا، این اے 169میں بھٹو کا ووٹ سابق آمر کے بیٹے کو ملے گا۔بہاولنگر میں ذوالفقار علی بھٹو اور ضیاء الحق کی پارٹی میں انوکھا اتحاد ہوگیا۔ پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماء عمر دراز وٹو نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ این اے 169 میں پی پی پی کا ووٹ اعجاز الحق کو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس نشست پر پیپلز پارٹی کا امیدوار نہ ہونے کی بنا پر اعجاز الحق کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا، کارکنان مسلم لیگ ضیاء کو ووٹ دیں گے۔جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نےاپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی پی پی اور پی ایم ایل زیڈ کے الیکشن اتحاد کی خبر بالکل درست نہیں ،پی پی پی ضیاءالحق کے بیٹے کی حمایت نہیں کرتی نہ ہی ہم عسکریت پسند گروپوں کے ساتھ کسی مقامی حکمت عملی یا اتحاد کی اجازت دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتہا پسندی کے ساتھ کسی سمجھوتے کی اجازت نہیں دیتی، ہم نشستیں جیتنے کے لئے نفرت کو مرکزی دھارے میں نہیں لاتے۔