گلگت شہر کے لیے خطرہ بننے والا ریلہ کوئی نقصان پہنچائےبغیر گزر گیا، دریائے گلگت میں سیلابی کیفیت کے بعد اب صورتحال قابو میں ہے۔
بدصوات جھیل سے سیلابی ریلہ گلگت شہر کو بغیر نقصان پہنچائے گزر گیا، بدصوات میں بننے والی جھیل میں شگاف پڑگیا تھا جس سے بڑا ریلہ دریائے گلگت میں بہہ نکلا تھا۔
رات بھر گلگت شہر کو سیلابی خطرہ سے دو چار رکھنے کے بعد سیلابی ریلہ کوئی نقصان پہنچائے بغیر گزر گیا، اس سے قبل غذر کے علاقے بدصوات میں مزید 5مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے دریائے غذر میں پانی کی سطح بلند ہوگئی۔
نشیبی علاقوں میں درجنوں مکانات جبکہ ہاسیس کے علاقے میں رابطہ پُل بہہ گیا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے خصوصی کوآرڈینیٹر شہزادہ مقپون کا کہنا ہے کہ مشکل کی گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے ۔
گزشتہ شب سیلابی ریلہ گلگت شہر کی جانب بڑھنے لگا تو وزیراعلیٰ ہاؤس اور سیکریٹیریٹ سمیت اسمبلی بلڈنگ کا سیلاب کی زد میں آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔
انتظامیہ نے حفاظتی انتظامات کرتے ہوئے شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، مقررہ وقت پر سیلابی ریلہ کم سیلابی صورت حال کے ساتھ گزر گیا۔
ترجمان جی بی فیض اللہ فراق کے مطابق دریائے گلگت میں سیلابی کیفیت تھی اوراب حالات قابو میں ہیں، وزیراعلیٰ آج اسلام آبادسے گلگت پہنچ کر حالات کا جائزہ لیں گے۔