پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل بڑے بڑے مگر مچھوں کا انتظار کر رہی ہے۔
یہ بات عمران خان نے کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےکہی اور کہا کہ میرا مقابلہ نواز شریف اور ان کے پیچھے کھڑی بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ سے ہے، یہ لوگ 300 ارب روپے چوری کر کے مظلوم بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ شہباز شریف کے چہرے پر خوف دیکھ رہا ہوں، لگتا ہے خواب میں بھی شہباز شریف کو میں نظر آتا ہوں جبکہ نواز شریف کو پکارتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میرا مقابلہ تم جیسی مافیا اور پیچھے کھڑی انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں نیا بلدیاتی نظام متعارف کرائیں گے، ناظم کے براہ راست انتخابات کرائیں گے ، بلدیاتی نظام کے تحت عوام کو سہولیات دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کہتا ہے کہ نیا معاہدہ عمرانی ہونا چاہیے، عمرانی معاہدہ کے نام سے نیا گیم کھیلا جا رہا ہے اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت میثاق جمہوریت کا ہی تحفہ ہے۔
لندن کا میئر بھی براہ راست منتخب ہوتا ہے، رکن صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی کا کام ترقیاتی کام نہیں ہوتا بلکہ ان کا کام قانون سازی کرنا ہوتا ہےجبکہ رکن اسمبلی کا کام قانون سازی ہوتا ہے اور کرپشن ہوتی ہی اس وقت ہے جب ترقیاتی فنڈ اراکین اسمبلی کو ملتا ہےتاہم جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا ہوتا ہے وہ لوگوں کی جیبوں میں چلا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ سب سے پہلے نیب کو مضبوط کریں گے اور نیب کی صلاحیت میں اضافہ کریں گے۔