• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

190 ملین پاؤنڈ کیس: آئندہ سماعت پر متبادل وکیل نہ ہونے پر فیصلہ سنادیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ

عمران خان اور بشریٰ بی بی - فوٹو: فائل
عمران خان اور بشریٰ بی بی - فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، عدالت عالیہ نے فیصلہ دیا ہے کہ وکیل بیمار ہیں تو متبادل وکیل لائیں، ورنہ ریکارڈ پر فیصلہ کردیں گے۔

بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیل کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

حکمنامہ میں کہا گیا کہ سلمان صفدر آنکھ کے پردے (ریٹینا) کے طبی عارضے میں مبتلا ہیں، گزشتہ سماعت پر اپیل کنندہ کے وکیل کو دلائل دینے کا آخری موقع دیا گیا تھا۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر وکیلِ صفائی طبی وجوہات پر دستیاب نہ ہوئے تو اپیل کنندہ متبادل وکیل پیش کریں۔ متبادل وکیل نہ ہونے پر اپیل کا فیصلہ دستیاب ریکارڈ اور قانون کے مطابق کردیا جائے گا۔

عدالت کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو وکالت نامے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ وکالت نامہ تمام قانونی ضابطے پورے کر کے فوری طور پر وکیل کو واپس کیا جائے۔

عدالت نے وکلا کو بھی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے متعلق دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم بھی دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی آئندہ سماعت 18 جون 2026 کے لیے مقرر کردی۔ 

قومی خبریں سے مزید