سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ فیصلہ نواز شریف کے خلاف آ گیا تو پھر اسے عدالت میں لڑیں، عدالت سے نہ لڑیں جبکہ میں نے ن لیگ سے اس طرح وفاداری نبھائی جیسے سگا بھائی نبھاتا ہے۔
انتخابی حلقے این اے 59 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ میں نے نواز شریف کو کہا مشکل میں اپنے مخالف کم کرنے چاہئے، نواز شریف نے خود لکھ کر دیا کہ عدالت میرا کیس سنے۔
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ ہم چودہ پندرہ افراد نوازشریف کو آگے لائے، میرے سوا سب ن لیگ چھوڑ گئےجبکہ نواز شریف مشکل میں اپنی غلطیوں سے پھنسےہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چپ بھی رہ سکتا تھا لیکن میں نے سچی بات کہی، یہ نواز شریف کا کام تھا کہ خوشامدیوں کی نہ سنتے میری بات سنتے، نواز شریف نے کہا اگر ٹکٹ چاہیے تو درخواست دوجبکہ میں نے کہا آپ لاہور کے ہو تو میں پوٹھوہار سے ہوں درخواست نہیں دوں گا۔
انہوں نے بتایا کہ عمران میرا پرانا دوست ہے، اس نے کہا چوہدری نثار کہے گا تو ٹکٹ دوں گااور میں نے کہا کہ میں عوام کے ٹکٹ پر الیکشن لڑوں گا جبکہ میں نے سیاست میں صرف دوست کمائے ہیں۔