جھنگ (لیاقت علی انجم )جھنگ کا صوبائی حلقہ پی پی 126 خالصتا ًشہری حلقہ ہے ، یہاں سےمولانا اعظم طارق کے بیٹے اہلسنت والجماعت کے رہنما مولانا معاویہ اعظم طارق آزاد حیثیت سے انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم کے بھائی شیخ شیراز اکرم بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں ،دیگر امیدواران میں ملک ظفر ٹوانہ ، مسلم لیگ ن کے آصف علی شاہد ڈھڈھی ، تحریک لبیک کی عابدہ پروین ، آل پاکستان مسلم لیگ کے محمد شفقات احمد اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر ابوالحسن امیدوار ہیں۔ راشدہ یعقوب اور ان کے خاوند شیخ یعقوب اسی حلقہ سے ایم پی اے رہ چکے تھے اور ان کو کافی مضبوط امیدوار سمجھاجارہاتھا اوروہ مولانا معاویہ اعظم سے مقابلے کی پوزیشن میں تھیں لیکن ان کی نااہلی کے بعد اب مقابلہ شیخ شیراز اکرم اور مولانا معاویہ اعظم کے درمیان متوقع ہے ۔ شیخ شیراز اکرم بھی پہلی دفعہ ایم پی اے کاالیکشن لڑ رہے ہیں لیکن وہ سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم کے بھائی ہیں اور وقاص اکرم گروپ شہری نشست سے تین مرتبہ ایم این اے منتخب ہو چکاہے ۔