لاہور، اسلام آبا(خصوصی نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں ) لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہاہےکہ زرداری اور نیازی مسترد ہو چکےعوام کے حقیقی لیڈر نواز شریف ہیں ،نوازشریف کو وزارت عظمیٰ اور صدارت سے نکال سکتے ہو مگر لوگوں کے دلوں سے نہیں، 25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گا، اب وفاق اور پنجاب ہی نہیں کے پی میں بھی مسلم لیگ ن حکومت بنائے گی،بھاشا ڈیم بنائیں گے اور سولہ ہزار میگاواٹ سستی بجلی پیدا کریں گے ،ترنول سمیت پورے اسلام آباد میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنا اولین ترجیح ہوگی۔اتوار کی رات این اے 54 سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار انجم عقیل خان اور این اے 52 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ترنول اور ترامڑی چوک میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تعمیر و ترقی کا نام ہے۔ نوازشریف نے قانون کی حکمرانی کیلئے اپنی کینسر میں مبتلا بیوی کو لندن کے ہسپتال میں چھوڑ کر اڈیالہ جیل میں مقید ہونے کو ترجیح دی۔حمزہ شہباز نے کہا کہ ووٹ کوعزت دو کے بیانیے کے ناکام ہونے کی صورت میں قانون کی بالادستی اور ملک کااستحکام خطرے میں پڑنے کا اندیشہ ہے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ 25جولائی کو عوام تاریخی اور درست فیصلہ کرتے ہوئے اُس قیادت کو دوبارہ اپنے مینڈیٹ سے نوازیں گے جس نے ملکی کو مسائل کے گرداب سے نکالا اور اسے ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کیا ، کسی بھی قیمت پر ملک اُس اناڑی اور کھلاڑی کے ہاتھوں میں نہیں دیا جا سکتا جو ایک صوبے کو بھی کنٹرول کرنے میں ناکام رہا اور جہاں اُس نے کرپشن اور نا اہلی کے ریکارڈ قائم کیے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ 2013کے مقابلے میں آج کا پاکستان کہیں ترقی یافتہ اور محفوظ ہے جہاں لوڈ شیڈنگ کا جن بوتل میں بند ہو چکا ہے ،توانائی کے نئے منصوبے آب و تاب کے ساتھ پیداوار دے رہے ہیں ،اقتصادی راہداری کی شکل میں خوشحالی کا نیا باب رقم ہونے جا رہا ہے اور ملک میں دہشتگردی کے عفریت پر نمایاں حد تک قابو پایا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو حقائق پر نگاہ ڈالنی چاہیے ،پاکستان کے عوام اپنے ووٹ کے ذریعے 25جولائی کو اس امر کی گواہی دیں گے کہ اُن کے حقیقی قائد میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف ہیں جنہوں نے وفاق اور پنجاب میں محنت اور دیانت کو شعار بناتے ہوئے دن رات عوا م کی خدمت کی ہے ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والے اور عوام سے جھوٹے وعدے کرنے والے کسی طور کامیاب نہیں ہوں گے ،عمران نیازی کی طرح آصف زرداری بھی مسترد ہو چکے ہیں ،عوام پیپلز پارٹی کا کرپشن زدہ چہرہ دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتے جنہوں نے حج سمیت کسی بھی شعبے کو لوٹنے سے گریز نہیں کیا۔حمزہ شہباز نے کہا کہ انتخابی مہم حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے لیکن عوام کے دلوں کی دھڑکن میاں نواز شریف اپنی صاحبزادی کے ہمراہ اس جرم کی سزا بھگت رہے ہیں کہ انہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کے بعد مزید مضبوط بنانے کیلئے بڑے بڑے منصوبے کیوں شروع کیے ۔انہوں نے پارٹی ورکرز سے اپیل کی کہ پولنگ ڈے تک چین سے نہ بیٹھیں اور زیادہ سے زیادہ ووٹرز کو گھروں سے نکالنے کیلئے کسی پور ی تن دہی کا مظاہرہ کریں تاکہ شیر کی کامیابی یقینی ہو سکے۔