اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا تعلق کسی خواہ بھی سیاسی جماعت سے ہو ،وہ اپنی پارٹی اور قائدین کی برسی اور سالگرہ کی تقریبات کو منانا اپنا فرض سمجھتے ہیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی اسپین ایک ایسی جماعت ہے جو اسپین بھر میں فعال اور مستحکم ہے ،اس جماعت کے عہدیداران میں کسی قسم کا کوئی تنازع نہیں اور نہ ہی کبھی اس جماعت کے دھڑے بنے ہیں ۔تقریباً دو ماہ پہلے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری بھٹو کے حکم پر دنیا بھر میں قائم پیپلز پارٹی کی تمام ایگزیکٹو باڈیز کو ختم کر دیا گیا اور اعلان کیا گیا کہ تمام ممالک میں پیپلز پارٹی دوباہ سے تنظیم نو کرے گی اور پارٹی کو سیاسی اور جمہوری اعتبار سے مزید مضبوط بنانے کے لئے ان لوگوں کو عہدے دیئے جائیں گے جو اس کے اہل ہوں گے ۔ اس حوالے سے تنظیم نو ہوئی اور دنیا بھر کی طرح یورپی ممالک میں بھی پیپلز پارٹی نے اپنے نئے عہدیداران کو متعارف کروا دیا ۔ اس ضمن میں اسپین کے عہدیداران بھی سامنے آئے اور پیپلز پارٹی نے نئے سرے سے اپنے کام کا آغاز کر دیا ۔
نئے بنائے جانے والے عہدیداران میں پیپلز پارٹی کے کام کرنے والے کئی عہدیدار ایسے بھی تھے جنہوں نے پہلی بار اپنے عہدوں کی ذمے داری سنبھالی ۔ پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے لئے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کے نوٹیفیکیشن کے مطابق بطور صدر چوہدری اشتیاق حسین کو منتخب کیا گیا ، اُن کے ساتھ سینئر نائب صدر چوہدری عمران چھوکر کلاں ، نائب صدور میاں عبدالروف و عابد حسین ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری سجاد انور ،سیکرٹری انفارمیشن جاوید اقبال گل ، جنرل سیکرٹری طارق جمال گجر ، فنانس سیکرٹری پروفیسر طاہر عظیم ، آرگنائزر چوہدری شاہد لطیف گجر جبکہ اسپین میں مقیم مقامی سیاسی پارٹی کے سابق امیدوار ایم پی اے حافظ عبدالرزاق صادق کو یورپ کے لئے پیپلز پارٹی نے سیکرٹری نشرو اشاعت منتخب کیا ، پیپلز پارٹی یورپ کے صدر ڈاکٹر ارشاد احمد کمبوہ منتخب ہوئے ۔پیپلز پارٹی اسپین کے نو منتخب صدر اشتیاق حسین اور اُن کی کابینہ نے حلف اٹھایا ہی تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 65ویں سالگرہ کا دن آ گیا لہذا بارسلونا کے مقامی ریسٹورنٹ میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی تقریب و اجلاس انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا ۔ اسٹیج سیکریٹری حافظ عبدالرزاق صادق تھے ۔
اجلاس میں سوشلسٹ کاتالونیا کے مقامی عہدیدار ’’ ارنیستو ‘‘ اور ’’ جیکولین ‘‘ بھی شریک تھے ،جنہوں نے بے نظیر بھٹو شہید کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقریب میں شرکت کی تھی ، یہ وہی سوشلسٹ پارٹی ہے جس نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام پر بارسلونا کے نواحی علاقہ بادالونا میں ایک گلی کا نام رکھا تھا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری اشتیاق حسین ، ساجد گوندل ، ارنیستو ، جیکولین ، نوید نبی ، سجاد انور ، عابد حسین ، پروفیسر طاہر عظیم اور جمال گجر نے محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور ان کے خاندان کی جمہوریت کی بقا ء کے لئے کی جانے والی قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔مقررین کا کہنا تھا بھٹو خاندان شہادتوں کی داستان ہے اس خاندان نے اپنی جان پاکستان پر نچھاور کر دی لیکن ظالم ڈکٹیٹرز کے سامنے کبھی جھکنا گوارا نہ کیا ، انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر محترمہ بے نظیر بھٹو تک تمام شہادتیں پاکستان میں جمہوریت کی بقاء کے لئے دی گئیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی زیرک سیاستدان کا دوبارہ پیدا ہونا ناممکن ہے اور ان کو خلاء کو کبھی پُر نہیں کیا جا سکتا۔اجلاس کے اختتام پر محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے لئے بنایا جانے والا بہت بڑا کیک لایا گیا جسے تمام عہدیداران ، کارکنان اور شرکاء نے مل کر کاٹا اور کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید صرف پیپلز پارٹی کی ہی نہیں بلکہ وہ تمام سیاسی پارٹیوں کی پسندیدہ لیڈر تھیں اُن کا سب احترام کرتے تھے ۔ اس موقعے پر تقریب میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے درجات کی بلندی کی دعا ئیںکی گئیں۔