• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
  
جہانگیر خان کے اعزاز میں تقریب

جہانگیر خان دنیا اسکواش کے وہ کھلاڑی ہیں جن کا قائم کیا ہوا’ پانچ سو پچپن‘ میچوں میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈآج تک کوئی نہیں توڑ سکا ہے، یہی وجہ ہے اسکواش سے ریٹائرمنٹ کے بیس سال بعد بھی دنیا بھر میں ان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جاپان میں بھی اسکواش کافی مقبول کھیل ہے اور اس کھیل کے چاہنے والے بھی لاکھوں میں ہیں۔ جہانگیر خان نے اسکواش کے کھیل میں دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ، سترہ برس کی عمر میں انھوں نے کم عمر ترین ورلڈ اوپن چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کیا ،ساتھ ہی اگلے پانچ سال آٹھ مہینوں کے دوران 555میچ لگاتا ر جیت کر کسی بھی انفرادی یااجتماعی کھیل میں ایسا ورلڈ ریکار قائم کیا جو شاید کبھی نہ ٹوٹ سکے ،دس دفعہ لگاتار برٹش اوپن چیمپین شپ اپنے نام کی ،چھ دفعہ ورلڈ اوپن چیمپین رہے۔ حکومت پاکستان انہیںپرائڈ آف پرفارمنس سے نواز چکی ہے جبکہ سول اعزاز ہلال امتیاز سے بھی نوازا جاچکا ہےاور بھی بہت سے عالمی ایوارڈز جہانگیر خان کو ان کی خدمات کے صلے میں مل چکے ہیں لیکن ایک اور اہم ایوارڈ جو جہانگیر خان کو ممتاز کرتا ہے وہ حالیہ دنوں میں جاپانی حکومت کی جانب سے جہانگیر خان کے لیے یادگاری ٹکٹ کا اجراء ہے جو انھیں کھیلوں کے شعبے میں ان کی خدمات کے صلے میں جاری کیا گیا ہے ۔

جہانگیر خان کے اعزاز میں تقریب

گزشتہ دنوں جہانگیر خان کے اعزاز میں جاپان میں پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ہمیں بھی تقریب میں شرکت کا موقع ملا ،یہ ایک بہترین تقریب تھی جس میں جہانگیر خان کو خراج تحسین پیش کیا جارہا تھا، سب کچھ سن کر بہت اچھا لگ رہا تھا، تقریب میں فخر پاکستان جہانگیر خان کے کیریئر کے بارے میں جاپانی منتظم کی جانب سے ہال میں بیٹھے حاضرین کو جہانگیر خان کے حوالے سے بریف کیا جارہا تھا ،جہانگیر خان کی ہر کامیابی اور اسکوش کے کھیل میں خدمات پر جیسے جیسے منتظم لوگوں کو بریف کرتے ویسے ویسے ہا ل تالیوں سے گونج جاتا اور منتظم جہانگیر خان کی مزید کامیابیوں کے حوالے سے بریفنگ شروع کردیتے ، حقیقت تو یہ تھی کہ ہم بھی اس وقت اپنے پاکستانی ہونے پر فخر محسوس کررہے تھے، کیونکہ جہانگیر خان جیسی شخصیت کا تعلق بھی پاکستان سے تھا جن کی بدولت آج پاکستان جاپان جیسے ملک میں جہاں زبان بھی مختلف بولی جاتی ہے لیکن عظیم کھلاڑی کی بدولت جاپان بھر میں پاکستان کا نام روشن ہورہا تھا ، بلاشبہ یہ تقریب ہی جاپانی حکومت کی جانب سے جہانگیر خان کے لیے یادگاری ٹکٹ کے اجراء کا سبب بنی ، اس ٹکٹ کے اجراء کے لیے تمام کاغذی کاروائی اور پروپوزل بھی پاک جاپان بزنس کونسل کی جانب سے تیار کرکے بھیجا گیا تھا جسے ایک طویل طریقہ کار کے بعد منظور کرلیا گیا اور اب یہ ٹکٹ جاپانی حکومت کے نہ صرف ڈاکخانوں کی زینت بن چکا ہے بلکہ ایمیزان کی جانب سے بھی اس ٹکٹ کو ان کی ویب سائٹ کے ذریعے دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ 

جہانگیر خان کے اعزاز میں تقریب

اپنے حالیہ دورہ ٔجاپان کے موقع پر جہانگیر خان نے جہاں اپنے اعزاز میں ہونے والی تقریبات میں شرکت کیں وہیں انھوں نے جاپان کے اہم مقامات جن میں ناگویا کا تاریخی برتن بنانے کا کارخانہ جہاں دنیا کے مہنگے ترین برتن نوری تاکے کے نام سے تیار کیے جاتے ہیں وہاں کا دورہ کیا جبکہ جاپان کے تاریخی شہر اور سابق دارالحکومت کیوتو کا دورہ کیا جبکہ جاپان کے دوسری جنگ عظیم میں تباہ ہونے والے شہر ہیروشیما کا دورہ کیا اور ساتھ ہی ٹوکیو کے مختلف مقامات کا بھی دورہ کیا ، اس حوالے سے جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ انھیں بڑی خوشی ہے کہ جاپان میں بھی لوگ انھیں اتنا ہی عزت و احترام دیتے ہیں جتنا پاکستان اور دنیا کے دوسرے ممالک میں دیا جاتا ہے جبکہ انھوں نے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابدحسین کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی دعوت پر وہ جاپان آئے ۔

تازہ ترین