بہاولپور(نمائندہ جنگ)بہالپور سے قومی اسمبلی کی 5نشستوں پر نواز لیگ ، تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں کے درمیان زبردست مقابلہ ہے جبکہ یہاں متحدہ مجلس عمل اور پرنس بہاول عباسی بھی اپ سیٹ کر سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق این اے 170میں مسلم لیگ ن کے میاں بلیغ الرحمن ،تحریک انصاف کے ملک فاروق اعظم اورایم ایم اے کے ڈاکٹر وسیم اختر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے، ڈاکٹر وسیم اختر کو جہاںکئی مذہبی جماعتوں کے ووٹ ملنے کاامکان ہے، وہیں ان کی شخصیت کی وجہ سے شہرکاپڑھا لکھااورخاموش ووٹ بھی ان کی طرف رجحان کرتاہوا نظرآتاہے، جس کی وجہ سے اس نشست پر ایک بڑا اپ سیٹ ہونے کاامکان ہے۔پی پی 245میں مسلم لیگ ن کے ملک ظہیراقبال چنڑ اور تحریک انصاف کے ملک اصغر جوئیہ کے درمیان کانٹے کامقابلہ ہے،ملک ظہیرچنڑ سابقہ صوبائی وزیر ملک اقبال چنڑ کے بیٹے ہیں جوکہ اس حلقے سے مسلسل تین دفعہ ایم پی اے منتخب ہوچکے ہیں، تاہم اس حلقے میں ایک آزاد امیدوار حنیف آرائیں کے اصغر جوئیہ کے حق میں بیٹھنے کے بعد اصغر جوئیہ کی پوزیشن بھی مستحکم نظرآتی ہے۔ پی پی 246میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے پلیٹ فارم سے تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سمیع اللہ چوہدری اور مسلم لیگ ن کے ڈاکٹرراناطارق کے درمیان بھی کانٹے کامقابلہ ہے ،تاہم سمیع اللہ چوہدری کوٹکٹ ملنے سے تحریک انصاف کے اندر اختلافات پیدا ہو چکے ہیں ،جس کا فائدہ رانا طارق کو ہوگا۔ این اے 171 سے ن لیگ کے امیدوار سابق وفاقی وزیرریاض حسین پیرزادہ اور آزاد امیدوار طارق بشیرچیمہ کے درمیان مقابلہ ہےجبکہ پی ٹی آئی کے چوہدری نعیم الدین وڑائچ کی پوزیشن کمزور ہو چکی ہے۔ این اے 172میںمسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر چوہدری سعود مجید اورجیپ کے نشان پرآزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے والے چوہدری طارق بشیر چیمہ کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ظاہرکیاجارہاتھا۔