سکھر (بیورو رپورٹ/ محمد عارف شاہ) ملک بھر کی طرح سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح میں سیاسی گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ گئی، سیاسی و مذہبی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل ہونے کے بعد الیکشن کی سرگرمیوں میں خوب تیزی دیکھنے میں آرہی ہے ہر کوئی الیکشن کے رنگ میں رنگا ہوا دکھائی دے رہا ہے، ہر طرف پرچم، پوسٹرز، بینرز اور پمفلٹ کی بہار بھی نظر آرہی ہے، گلی و محلوں، گھروں، تجارتی مراکز میں بڑے، بوڑھے، نوجوان اور خواتین سب ہی 25جولائی کو ہونیوالے الیکشن کے حوالے سے تبصرے و تجزیے کرنے میں مصروف ہیں۔ صبح سے لیکر رات گئے تک جلسے، جلوس، کارنر میٹنگز، ریلیوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ گلی و محلوں، رہائشی و تجارتی علاقوں کو مختلف پارٹی پرچموں، بینرز و پمفلٹ سے سجادیا گیا ہے اور شہر بھر میں جشن کا سماں دکھائی دے رہا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما ؤں و کارکنوں کی جانب سے لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لئے دن بھر ایک گاڑی میں ایکو ساؤنڈ رکھ کر پارٹی ترانے چلائے جاتے ہیں جبکہ موٹر سائیکل پر سوار کارکنان کی بڑی تعداد ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھائے رقص کررہی ہوتی ہے۔ کارکنان شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کرتے ہیں جبکہ دوپہر اور رات کے اوقات میں امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم میں مصروف عمل رہنے والے کارکنوں کے لئے طعام کا بھی خصوصی انتظام کیا جارہا ہے۔ تجارتی مراکز میں تاجر بھی فرصت کے اوقات میں ایک دوسرے سے شہر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ گنجان آبادی والے علاقوں میں بھی نوجوان یا ضعیف العمر افراد کسی بھی جگہ بیٹھ کر گفتگو کرتے ہیں تو ان کا موضوع 25جولائی کو ہونیوالے انتخابی معرکے میں فتح کون سی جماعت حاصل کریگی، یہی ہوتا ہے۔ لوگ اپنے اپنے زاویوں اور قیاس آرائیوں کی بنیاد پر سیاسی تبصرے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں جبکہ دوست و احباب بھی ایک دوسرے سے ملاقات کے دوران دعا و سلام کے بعد پہلا سوال یہی کررہے ہیں کہ کونسی جماعت کو ووٹ دے رہے ہو، رات گئے تک دوستوں کی سجنے والی محفلوں میں بھی عام انتخابات اور سیاسی جماعتوں کی کارکردگی زیر بحث ہے۔ واضح رہے کہ 25جولائی کو ہونیوالے الیکشن میں ضلع سکھر میں قومی و صوبائی اسمبلی کی 6نشستوں پر مجموعی طور پر 6لاکھ 70ہزار161 مرد و خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضلع بھر میں 587 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔