چمن (نمائندہ جنگ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی گئی تو پھر ہر گلی کوچہ میں سخت احتجاج ہوگا۔ باچاخان کی پیروی کا دعویٰ کرنے والے لوگوں کو آپس میں لڑاکر اپنی سیاست چمکارہے ہیں لوگ اب ان کی اصلیت پہچان چکے ہیں انھیں پشتونخوامیپ کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈے ، جھوٹے الزامات اور گالم گلوچ کا کام سونپا گیا ہے ۔وہ پارٹی رہنماء حاجی حبیب اللہ شادیزئی کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر پاک افغان بارڈر ڈیورانڈ لائن کے ٹھیکے کا الزام لگایا جارہا ہے اگر کبھی یہ الزام درست ثابت ہوتو پھانسی لگا دی جائے ۔