اسلام آباد.......جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں کل رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ٹھنڈی ہوا اوربوندا باندی نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔
بھیگا بھیگا شہرِ اقتدار کچھ اور بھی نکھر گیا ہے، رات سے جاری ہلکی بارش نے اسلام آباد اور راولپنڈی کا موسم مزید ٹھنڈا کردیا، جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے دھند کا زور بھی ٹوٹ گیا۔
آسمان پر کالی گھٹاؤں کا راج ہے اور محکمہ موسمیات نے بھی تصدیق کی ہے کہ بادل ابھی کچھ اور بھی برسیں گے۔اس سال موسمِ سرما کی بارشیں معمول سے کم ہوئی ہیں، تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ فروری اور مارچ میں بارشیں ہونے کا امکان ہے۔