والسال (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل والسال کے چیئرمین سعیدالرحمن نے کہا ہے کہ اس سے پہلے سپریم کورٹ کے جج نے کہا تھا کہ پاکستان میں اگر کرپٹ لوگوں کی تحقیقات کی گئی تو صرف سراج الحق ہی بچیں گے، اب چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ پاکستان میں کوئی اچھا حکمران آجائے جو حضرت عمر رضی اللہ کی یاد تازہ کردے تو عدالتوں کو اتنا محرک ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ عدالتیں اور ججز یہ اعتراف کررہے ہیں کہ سراج الحق جیسے دیانتدار کرپشن سے پاک قیادت ہی اس ملک کا مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں70سال سے فوجی اور سیاسی تجربے کیے گئے، اس ملک میں صرف طاقتور اقتدار میں آتا ہے، اگر عدالتیں انصاف کرنا شروع کردیں تو کرپٹ اور ملک دشمن اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے، فوج اور عدالتوں پر کوئی انگلی نہیں اٹھائے گا، ملک میں جمہوریت کو تقویت ملے گی، قانون کی بالادستی ہوگی اور عوام کو انصاف ملے گا اور امن آجائے گا۔