پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کو ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں بیان کے لیے آج طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈی جی ساؤتھ ایف آئی اے و جے آئی ٹی سربراہ نجف مرزا نے کی۔
اجلاس میں پنجاب ایف آئی اے کے افسران نے بھی شرکت کی، اجلاس میں مقدمے کی اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپر کو آج کمرشل بنکنگ سرکل میں طلب کیا گیا ہے، متوقع طور پر جے آئی ٹی دونوں سے پوچھ گچھ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سپریم کورٹ میں آیندہ سماعت کے لیے کچھ اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں۔