کراچی(نیوز ایجنسی) سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور سابق رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے لیے مزید 15 دن کی مہلت مانگ لی جبکہ آصف زرداری طلب کرنے پر بھی پیش نہ ہوئے۔ ہفتہ کو آصف زرداری اور فریال تالپور کو کمرشل بینکنگ سرکل میں طلب کیا گیا تھا اور متوقع طور پر جے آئی ٹی نے دونوں سے پوچھ گچھ کرنی تھی تاہم دونوں رہنما پیش نہ ہوئے۔ فریال تالپور کی جانب سے ایڈوکیٹ مزمل قریشی ایف آئی اے زونل ڈائریکٹریٹ میں پیش ہوئے اور نئی تاریخ دینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موکلہ بینکنگ کورٹ میں اپنی عبوری ضمانت کی توثیق میں مصروف ہیں، اس لیے ایف آئی اے کے سامنے حاضر نہیں ہوسکتیں کوئی اور تاریخ دی جائے۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عبوری چالان میں ان کی موکلہ کو غیرقانونی طور پر مفرور ظاہر کیا گیا۔ ادھر فریال تالپور کراچی میں خصوصی بینکنگ عدالت میں پیش ہوئیں اور اپنی عبوری ضمانت کی توثیق کیلئے 20 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرادیے۔ انہوں نے 6 اگست تک قبل از گرفتاری عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے۔